1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پسینے سے صحت کا حال بتانے والی نئی ڈیوائس

افسر اعوان28 جنوری 2016

کلائی میں پہنے جانے والے ایسے بینڈ تو اب عام ہیں جو یہ بتاتے ہیں کہ آپ کتنے قدم چلے، کتنی کیلوریز خرچ کیں، یا دل کی دھڑکن کی رفتار کیا رہی، مگر اب ایک نئی ڈیوائس جسم کی اندرونی تبدیلیوں پر بھی نظر رکھے گی۔

https://p.dw.com/p/1HlJM
پسینے سے صحت کا حال بتانے والی نئی ڈیوائس
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. Matthews

موجودہ رِسٹ بینڈز آپ کی صحت کے بارے میں مالیکیولوں کی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں کو نہیں جانچ سکتے۔ یعنی وہ یہ بتانے سے قاصر ہوتے ہیں کہ آپ کے جسم کے اندر کیا تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور آیا وہ نارمل ہیں یا خطرناک۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برکلے اور اسٹینفورڈ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ماہرین اور انجینیئرز کے مطابق ان کی بنائی ہوئی ڈیوائس آپ کے پسینے کا تجزیہ کر کے یہ کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ’اسمارٹ ہیڈ بینڈ‘ یا ’اسمارٹ رِسٹ بینڈ‘ کو سر پر یا کلائی پر باندھا جا سکتا ہے۔ اس ڈیوائس میں لچکدار سینسر اور مائیکرو پروسیسرز لگے ہیں جو آپ کی جلد کے ساتھ لگ جاتے ہیں۔

یہ ڈیوائس آپ کے پسینے میں موجود کیمیائی اجزاء کا تجزیہ کرتی ہے، جس میں سوڈیم، گلوکوز، پوٹاشیم اور لیکٹیٹ وغیرہ کی مقدار معلوم کرنے کے علاوہ جلد کے درجہ حرارت کی پیمائش بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہ پٹھوں کی تھکن، پانی کی کمی یا جسم کے خطرناک حد تک بلند درجہ حرارت کو بھی جانچتی رہتی ہے۔ اس طرح حاصل ہونے والا تمام تر ڈیٹا فوری طور پر اور مسلسل اسمارٹ فون کی ایک ایپ کو منتقل کیا جاتا ہے۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کے شعبہء انجینیئرنگ اور کمپیوٹر سائنسز کے پروفیسر علی جاوی کے مطابق، ’’انسانی پسینے میں بہت سی اہم معلومات موجود ہوتی ہیں۔ اس طرح جسم کے اندر داخل نہ کیے جانے والے سینسرز کے لیے یہ بہت اہم جسمانی مائع ہے۔‘‘ اس ڈیوائس اور تحقیق کے بارے میں رپورٹ بدھ 27 جنوری کو تحقیقی جریدے ’نیچر‘ میں شائع ہوئی۔ علی جاوی اس رپورٹ کے مرکزی مصنف ہیں۔

کلائی میں پہنے جانے والے بینڈ بتاتے ہیں کہ آپ کتنے قدم چلے، کتنی کیلوریز خرچ کیں، یا دل کی دھڑکن کی رفتار کیا رہی
کلائی میں پہنے جانے والے بینڈ بتاتے ہیں کہ آپ کتنے قدم چلے، کتنی کیلوریز خرچ کیں، یا دل کی دھڑکن کی رفتار کیا رہیتصویر: REUTERS/H. Hanschke

بعض بیماریوں اور نشے کے استعمال کی تشخیص کے لیے پسینے کو پہلے ہی سے استعمال کیا جا رہا ہے تاہم اس مقصد کے لیے اس پسینے کو تجزیے کے لیبارٹری بھجوانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ وزن میں ہلکے، لچکدار اور جسم پر پہنے جانے والے مانیٹرز کی عدم موجودگی کے باعث پسینے کی فی الفور اور لگاتار مانیٹرنگ اب تک ممکن نہیں تھی۔ اس تحقیق کے مصنفین کے مطابق ان کی نئی ڈیوائس میں نہ صرف یہ تمام فیچرز شامل ہیں بلکہ یہ مستقبل میں اس کے دیگر طریقہ ہائے استعمال کا نقطہ آغاز بھی ہے۔

اس تحقیق کے شریک مصنف جارج بروکس کے مطابق، ’’جسم میں داخل کیے بغیر تجزیہ کرنے والی اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کسی بھی وقت یہ ممکن ہو جائے گا کہ آپ کو سوئی لگائے بغیر یا پیشاب وغیرہ کا نمونہ حاصل کیے بغیر بہت سی بیماریوں کی تشخیص ہو سکے۔‘‘