پناہی کی رہائی کے لئے شپیل برگ بھی کوشاں
2 مئی 2010جعفر پناہی کی رہائی کی اس پٹیشن پر ہالی وُڈ کے اداکار رابرٹ ڈی نیرو، رابرٹ ریڈفورڈ، فرانسس فورڈ کاپولا، جوئیل کوین، ایتھن کوین، آنگ لی، مائیکل مور اور اولیور اسٹون پہلے ہی دستخط کر چکے ہیں۔
اس درخواست میں تہران حکام پر پناہی کی رہائی کے لئے زور دیا گیا ہے۔ انہیں یکم مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لے لیا تھا۔
یہ پیٹیشن فلموں کی خبریں جاری کرنے والی متعدد ویب سائٹس پر جاری کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے: ’ہم اپنے ساتھی فلمساز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، انہیں حراست میں لئے جانے کی مذمت کرتے ہیں، اور ایرانی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ پناہی کو فوری طور پر رہا کرے۔‘
اس درخواست میں مزید کہا گیا ہے: ’بین الاقوامی فلمی صنعت میں ایران نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس نے بیرونی دنیا میں ہماری طرح بے شمار لوگوں کے دلوں میں ایرانی عوام کے لئے قدر کا جذبہ پیدا کیا ہے۔ دنیا بھر کے فنکاروں کی طرح، ایران کے فلمسازوں کو بھی سسنر کئے جانے، دبائے جانے اور قید کرنے کے بجائے سراہا جانا چاہئے۔‘
انچاس سالہ پناہی نے اپنی فلموں میں معاشرے کی دکھتی رگوں پر ہاتھ رکھا ہے اور انہیں اسی جرأت کے لئے جانا جاتا ہے۔ ان کی ایسی ہی ایک فلم ’دی سرکل‘ کو 2000ء میں وینس گولڈن لائن ایوارڈ دیا گیا تھا۔ 2006ء میں ان کی فلموں ’آف سائیڈ‘ اور ’کرمزن گولڈ‘ کو برلن فلم فیسٹیول میں سلور بیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔
رواں برس فروری میں ایرانی حکام نے پناہی کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگا دی تھی، جس کے باعث وہ برلن فلم فیسٹیول میں بھی شرکت نہ کرسکے تھے۔ گزشتہ ماہ ایرانی وزیر ثقافت نے کہا تھا کہ پناہی کو حکومت مخالف فلم بنانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: مقبول ملک