1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پنجاب میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج

21 جولائی 2009

پاکستان کے دوسرے حصوں کی طرح پنجاب میں بھی لوڈ شیڈنگ کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں میں شدت آتی جا رہی ہے۔ صوبے کے دوسرے شہروں میں منگل کے روز تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی۔

https://p.dw.com/p/Iubd
لاہور میں تاجر احتجاج کے دوران واپڈا کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئےتصویر: DW

متعدد شہروں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لوڈ شیڈنگ کے خلاف کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے پر تشدد کارروائیوں میں ڈھلتے جا رہے ہیں۔ جبکہ جھنگ شہر میں احتجاج کرنے والے مشتعل لوگوں نے پاکستان ریلوے کی ایک ٹرین کو روک کر اس کی بوگیوں کو نذرآتش کر دیا ہے۔

صوبے کے کئی شہروں سے واپڈا کے دفاتر اور پولیس اسٹیشنوں سمیت سرکاری املاک پر احتجاجی مظاہرین کے حملوں کی خبریں بھی آ رہی ہیں۔ منگل کے روز پنجاب کے شہر جھنگ میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شدت کافی زیادہ تھی۔ یہاں احتجاجی مظاہرین نے سرگودھا سے ملتان جانے والی ایک ٹرین کی بوگیوں کو آگ لگا دی۔ اس واقعے میں چند مسافروں کے معمولی زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ مشتعل مظاہرین نے جھنگ شہر میں موجود فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے دو دفاتر کو بھی آگ لگا دی۔ سرگودھا، لاہور، فیصل آباد اور چینیوٹ سمیت کئی دیگر شہروں میں بھی واپڈا کے دفاتر پر حملے ہوئے ہیں۔

ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں آل پاکستان انجمن تاجران کی اپیل پر تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اور زیادہ تر مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند رہے۔ تاجروں کی ایک تنظیم قومی تاجر اتحاد نے اس ہڑتال میں شمولیت نہ کرتے ہوئے گنتی کی چند ایک مارکیٹوں میں کچھ دوکانیں کھلوائی رکھیں، جس کے نتیجے میں تاجروں کے دونوں گروپوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر حاجی مقصود احمد بٹ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منگل کے روز پنجاب بھر میں ہونے والے تاجروں کی ہڑتال کو مکمل طور پر کامیاب قرار دیا۔ جبکہ مال روڈ کی ایک کھلی ہوئی دوکان کے باہر موجود مال روڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشن کے رہنما حامد ریاض کا کہنا تھا کہ ان کی دوکانیں زبردستی بند کروائی جا رہی ہیں اور پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ تاجرو ں میں پائے جانے والے معمولی اختلافات کے باوجود منگل کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں تاجروں، عام شہریوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ انہوں نے واپڈا اور پیپکوحکام کے خلاف نعرے لگائے اور بعض جگہوں پر بجلی کے بل بھی نذرِ آتش کئے گئے۔

تاجر رہنما حاجی مقصود بٹ نے مال روڈ پر قائم کئے گئے تاجروں کے ایک احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے اگلے مرحلے میں، ان احتجاجی مظاہروں کا دائرہ ملک بھر کے دیگر علاقوں تک وسیع کیا جائے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ملک گیر ہڑتال کی تفصیلات اگلے چند روز میں ملتان میں ہونے والے ایک تاجر کنونشن میں طے کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والی زیادہ تر تاجر تنظیموں کی وابستگی مرکز میں حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شدید احتجاجی مظاہروں کے باوجود لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کوئی کمی نہیں آ سکی ہے۔ بعض علاقوں میں اب بھی بارہ سے اٹھارہ گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔ اس صورتحال نے معلومات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

رپورٹ تنویر شہزاد، لاہور

ادارت عاطف توقیر