1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پنجاب میں نمبرداروں کو عسکریت پسندوں پر نگاہ رکھنے کی تربیت دینے کا منصوبہ

26 جولائی 2011

پاکستان میں بڑھتی ہوئی اسلامی انتہا پسندی پر قابو پانے کے لیےنمبرداروں کو عسکریت پسند گروپوں پر نگاہ رکھنے کی تربیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/123Xp
تصویر: AP

تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ بغیر سوچ بچار کے تیار کیا گیا ہے اور اس لئے اس سے کچھ خاص فائدہ نہیں ہوگا۔

چند روز قبل پنجاب کے شہر ساہیوال میں پولیس عہدیداروں اور وکلاء نے ایک سو نمبرداروں ‌کو ان کے نئے فرائض سے آگاہ کیا۔ تاہم بعد میں سوال جواب کے وقفے میں بعض افراد نے اپنے تحفظات اور خدشات کا اظہار کیا۔

پاکستان میں 2007ء میں حکومت کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ اس سے قبل روایتی حریف بھارت کے خلاف استعمال کرنے کے لیے انہیں کافی عرصے سے برداشت کیا جا رہا تھا۔

Syed Salahuddin Kaschmir
پاکستان میں روایتی حریف بھارت کے خلاف استعمال کرنے کے لیے عسکریت پسندوں کو کافی عرصے سے برداشت کیا جا رہا تھا۔تصویر: picture-alliance/ dpa

تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کرنے والے ساہیوال پولیس کے عہدیدار صاحبزادہ غوث احمد نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے باتیں کرتے ہوئے کہا، ’’ہم چاہتے ہیں کہ نمبردار پولیس کی آنکھیں اور کان بن جائیں اور دہشت گردی کے خاتمے میں ہماری مدد کریں۔‘‘

تربیتی ورکشاپس کے دوران نمبرداروں کو ایک کتابچہ فراہم کیا جاتا ہے جس میں القاعدہ، طالبان، لشکر طیبہ اور سپاہ صحابہ سمیت 32 عسکریت پسند تنظیموں کے بارے میں معلومات درج ہوتی ہیں۔

پرانا نظام، نیا خطرہ

نمبرداری کے پرانے نظام کے تحت، حکومت کے لیے آبیانہ وصول کرنے اور پولیس کو جرائم پر قابو پانے میں مدد دینے کے لئے با اثر زمینداروں کو تعینات کیا جاتا تھا۔ مگر قیام پاکستان کے بعد اس نظام کو ختم کر دیا گیا اور نئی حکومت نے محصولات جمع کرنے کے لیے اپنے عہدیدار مقرر کیے اور پولیس کو مستحکم کیا۔

Mohammed Ilyas Kashmiri
پنجاب میں عسکریت پسندوں کے مختلف گروہ سرگرم ہیں۔تصویر: picture alliance/dpa

پنجاب میں نمبرداری نظام کو دوبارہ شروع کرنے کا فی‍صلہ ملک کے شمال مغرب میں عسکریت پسندی سے نمٹنے کے لیے پشتون قبائلی عمائدین کو تقویت پہنچانے کی طرز پر کیا گیا ہے۔ تاہم عسکریت پسندوں نے اس کے جواب میں قبائلی عمائدین کو حملوں کا نشانہ بنایا ہے جن میں اب تک سینکڑوں عمائدین اور ان کے لشکروں کے اراکین ہلاک ہو چکے ہیں۔

سلامتی کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نمبرداروں کو خدشہ ہے کہ ان کا بھی وہی حال ہو سکتا ہے۔

عسکری امور کی ماہر اور سلامتی کی تجزیہ کار ڈاکٹر عائشہ صدیقہ آغا کا کہنا ہے، ’’نمبردار اس معاشرے کا حصہ ہیں، وہ کیسے یہ کام کر سکتے ہیں‘‘۔ سیاسی تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری رضوی نے کہا کہ یہ منصوبہ نیم دلی سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں مخبری کرنے والے افراد کے تحفظ کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک ڈرامہ ہے کیونکہ حکام کے پاس پہلے ہی یہ معلومات موجود ہیں۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: کشور مصطفٰی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں