پولستانی چڑیا گھر کا نایاب ترین پینگوئن
پولینڈ کے بندرگاہی شہر گڈانسک کے چڑیا گھر کو ایک منفرد حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ وہاں اب تین ماہ کا وہ نایاب پینگوئن موجود ہے، جو سُورج مُکی کا حامل یا البینو (Albino) ہے۔
انتہائی نایاب
گڈانسک کے چڑیا گھر کا یہ البینو پینگوئن بلاشبہ انتہائی نایاب ہے۔ اس پینگوئن نے جمعہ بائیس مارچ کو لوگوں کے سامنے پہلی مرتبہ چہل قدمی کی۔ اس تین ماہ کے پینگوئن کی جنس کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی کیونکہ اس کا مکمل طبی چیک اپ ہونا ابھی باقی ہے۔ چڑیا گھر کے حکام نے ابھی اس پینگوئن کا کوئی نام بھی نہیں رکھا۔
سردی میں شرمایا شرمایا سا
گڈانسک کے چڑیاگھر کی ایک خاتون ترجمان کے مطابق یہ نایاب پینگوئن بظار شرمیلا اور ڈرا ڈرا سا دکھائی دیتا ہے۔ خاتون ترجمان نے تصدیق کی کہ ابھی اس کا مکمل میڈیکل چیک اپ نہیں ہوا۔ اس پینگوئن کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کو پریشانی یہ ہے کہ جب اس پینگوئن کو دیگر پینگوئنز کے ساتھ باہر لایا جائے گا، تو اُن کا اس کے ساتھ رویہ کیسا ہو گا۔ اب تک اس پینگوئن کو باقی پینگوئنز سے علیحدہ رکھا گیا ہے۔
البینو پینگوئن کے نرم مزاج والدین
چڑیا گھر کی ترجمان کے مطابق پینگوئنز کے اس گروپ میں کوئی پرندہ اگر اکیلے پن کا شکار ہو تو باقی ماندہ گروپ اس کو مسترد کر دینے کے علاوہ نقصان پہنچانے سے بھی گریز نہیں کرتا۔ خاتون ترجمان نے بتایا کہ ابھی تک البینو پینگوئن کو دیگر ننھے پینگوئنز نے اپنا ساتھی نہیں بنایا۔ اس لیے یہ آبی پرندہ زیادہ تر اپنا وقت اپنے شفیق والدین کے ساتھ ہی گزارتا ہے۔