پچ اور کورٹ کا رشتہ، ملک اور مرزا کی شادی طے
30 مارچ 2010شعیب ملک نے انٹرنیٹ پر سماجی میل ملاپ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان خبروں کی تصدیق کردی ہے کہ وہ ثانیہ مرزا سے شادی کرنے جارہے ہیں۔ کرکٹ، ٹینس اور پاک، بھارت تعلقات پر نظر رکھنے والے حلقوں میں یہ خبر انتہائی تیزی سے پھیلی اور دونوں کی پیشہ ورانہ اور نجی زندگی کے حوالے سے دلچسپ تجزئے کئے جارہے ہیں۔
کیا ثانیہ پاکستانی شہریت حاصل کرکے پاکستان کے لئے ٹینس کھیلیں گی یا شعیب بھارتی شہریت حاصل کرکے کرکٹ کے میدانوں میں بھارتی نمائندگی کریں گے یا دونوں اپنی شہریت برقرار رکھیں گے۔
شعیب ملک نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے مداحوں کے مبارکبادی پیغامات کے جواب میں شادی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے تحریک کیا ہے کہ ’’ انشاء اللہ ثانیا مرزا سے اپریل میں شادی کروں گا‘‘۔ ملک کے بقول ثانیا کے بطور ایک بین الاقوامی کھلاڑی کی حیثیت سے وہ آگاہ ہیں اور چاہیں گے کہ جب تک ثانیا کی خواہش ہو وہ ٹینس کھیلتی رہیں۔ ان کے بقول اگر ثانیا مرزا 2012 کے اولپمکس مقابلوں میں کوئی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں تو انہیں بطور ثانیا کے شوہر کے اس پر فخر ہوگا۔
رپورٹوں کے مطابق امکان ہے کہ 23 سالہ ثانیا مرزا اور 28 سالہ شعیب ملک دبئی میں رہیں گے جہاں ملک کا ذاتی گھر ہے۔ ثانیا مرزا نے بھی شادی کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دونوں اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ ثانیا کے بقول : ’’ انشاء اللہ میری شادی کا دن میری زندگی کا سب سے اہم دن ہوگا‘‘۔
ثانیا مرزا نے رواں سال بھارت میں منعقد ہونے والے دولت مشترکہ اور ایشائی کھیلوں میں بھرپور شرکت کا بھی عزم ظاہر کیا۔ اطلاعات ہیں کہ شعیب ملک کے گھر والے اپریل کے پہلے ہفتے بھارت جائیں گے جہاں نکاح کی تقریب منعقد ہوگی جبکہ بعد میں 16 یا 17 اپریل کو لاہور میں ولیمے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔
دونوں کے نام اس سے قبل بھی مختلف لوگوں کے ساتھ تعلقات کے سلسلے میں جوڑے جارہے تھے۔ ثانیا مرزا کی حال ہی میں اپنے بچپن کے دوست سہراب مرزا سے منگنی ٹوٹی جبکہ ملک پر بھارتی حیدرآباد کی عائشہ صدیقی سے شادی کرکے بعد میں دھوکہ دینے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ ملک کی بھارتی ماڈل سیالی بھگت کے ساتھ تعلقات کی خبریں بھی گردش میں رہی ہیں۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : عابد حسین