پکاسو کے ایک اور شاہکار کے لئے بھاری قیمت
24 جون 2010اندازہ یہ لگایا گیا تھا کہ اِس پینٹنگ کے لئے 40 ملین پاؤنڈ تک کی بولی لگائی جائے گی۔ اِس تصویر کا ٹائٹل ہے،"The Absinthe drinker" یا ’’آنخیل فیرنانڈیس ڈے سوتو کا پورٹریٹ‘‘ اور یہ اِس مصور کے پیشہ ورانہ کیریئر کے ’بلُو پیریڈ‘ کہلانے والے دَور میں سن 1903ء میں تخلیق ہوئی تھی۔ اِس میں پکاسو کے ایک ہم عصر کو دکھایا گیا ہے، جس کے سامنے میز پر افسَنتين یعنی قیمتی فرانسیسی شراب کا ایک پیالہ پڑا ہے اور اُس کے ہاتھوں میں دبے پائپ میں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔
یہ پینٹنگ برطانیہ کے مایہ ناز موسیقار اینڈریو لائیڈ ویبر کے قائم کردہ رفاہی ادارے کی جانب سے فروخت کی گئی۔ یہ فاؤنڈیشن برطانیہ میں فنونِ لطیفہ اور ثقافتی ورثے کے فروغ اور تحفظ کے لئے سرگرمِ عمل ہے اور اِس نے یہ پینٹنگ سن 1995ء میں نیویارک میں ہونے والی ایک نیلامی میں 29.2 ملین ڈالر میں خریدی تھی۔ بدھ کو برطانیہ میں اِس کے لئے بولی ٹیلی فون پر لگائی گئی۔ یہ پینٹنگ کس شخص یا ادارے نے خریدی ہے، یہ نہیں بتایا گیا۔
بدھ کی نیلامی میں پکاسو کی دو دیگر پینٹنگز بھی فروخت ہوئیں، "The Kiss" کے لئے 12.1 ملین پاؤنڈ جبکہ "La liseuse" کے لئے 5.6 ملین پاؤنڈ ادا کئے گئے۔ کئی ملین پاؤنڈز میں فروخت کی جانے والی دیگر پینٹنگز میں گُستاف کلمٹ، ونسینٹ فان گوخ اور آنری ماتیس جیسے نامور مصوروں کی تخلیقات بھی شامل تھیں۔
ان تمام تصاویر کی فروخت سے کرسٹیز نیلام گھر کو مجموعی طور پر 152.6 ملین پاؤنڈ کی آمدنی ہوئی، جو کہ برطانیہ میں آرٹ کے شاہکاروں کی نیلامی کے دوران ہونے والی آمدنی کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اِس سے پہلے یہ ریکارڈ 147 ملین پاؤنڈ کا تھا، جو اِسی برس فروری میں قائم ہوا تھا۔
تاہم مصوری کے شاہکاروں کے خریدار آج کل محتاط بھی ہو گئے ہیں، جس کا اندازہ اِس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اِسی نیلامی میں ممتاز مصور کلوڈ مونے کا سن 1906ء میں تخلیق ہونے والا مشہور فن پارہ "Nympheas" بھی فروخت کے لئے پیش کیا گیا لیکن اُسے کسی نے نہیں خریدا۔ اندازہ تھا کہ اِس کے لئے بھی تیس تا چالیس ملین پاؤنڈ کی بولی لگائی جائے گی۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: مقبول ملک