پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی یادگاری تقریبات
12 نومبر 2009پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی یاد میں منائے جانے والے دِن کی تقریبات میں جرمنی اور فرانس کے لیڈران کسی مشترکہ تقریب میں سن اُنیس سو چوراسی کے بعد پہلی مرتبہ شریک ہوئے ہیں۔ پچیس سال قبل اُس وقت کے چانسلر ہیلموٹ کوہل عالمی جنگ کے دوران ایک خونی معرکے کے مقام Verdun پر فرانسیسی صدر Francois Mitterrand کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔
بدھ کو منائے جانے والے اس عالمی دن کے موقع پر جرمنی اور فرانس کےدونوں رہنماؤں کی جانب سے اس موقع پر مصالحت اور دوستی کی بنیاد پر اس دِن کو منانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے کہا کہ فرانس اور جرمنی کی دوستی خون کی گندھی ہوئی ہے۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پہلی جنگ میں کامیابی کی یادگار (Arc de Triomphe ) کے سائے میں گمنام فوجی کے مزار پر چانسلر انگیلا میرکل اور صدر نکولا سارکوزی نے پھول رکھے۔ عالمی جنگ کے خاتمے کی اہم ترین تقریب تقریباً ہر برس فرانس کے اسی مقام پر ہوتی ہے اور روایتی یادگار شمع کو بھی دوبارہ روشن کیا گیا۔
یہ اہم ہے کہ پہلی مرتبہ فرانس اور جرمنی نے عالمی جنگ کے خاتمے کی تقریب کا مشترکہ طور پر اہتمام کیا۔ گیارہ نومبر کے دِن گیارہ بجے شرکاء کے ساتھ لیڈران نے بھی مرحومین کی یاد میں اختیار کی جانے والی خاموشی میں شرکت کی۔ اِس موقع پر عالمی سطح پر پہلی عالمی جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے لاکھوں انسانوں کواِس دِن کو آرمسٹس ڈے یان آرمسٹس ویٹرن ڈے کے موقع پر یاد کیا جاتا ہے۔ امریکہ اور کینیڈا میں اِس دن عام تعطیل ہوتی ہے۔
امریکہ میں صدر اوباما نے دارالحکومت واشنگٹن کے قریب آرلنگٹن قبرستان میں ایک خصوصی تقریب میں پھول چڑھائے اور مرحومین کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ لندن میں ملکہ الزبتھ نے لندن میں ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اِس موقع پر انہوں نے افغانستان میں ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کو بھی پہلی عالمی جنگ کے دوران ہلاک ہونے والوں کے ساتھ یاد کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
یورپی ملک بیلجیئم میں آرمسٹس ڈے کی خصوصی تقریب میں شاہ البرٹ ثانی نے شرکت کی اور برسلز میں قائم گمنام فوجی کی قبر کے میموریل پر پھول چڑھائے۔ اِسی طرح کینیڈا میں بھی اِس دِن کی مناسبت سے دارالحکومت اٹاوہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ آسٹریلیا میں بھی مرحومین کے لئے خصوصی دعائیہ عبادات کا اہتمام مختلف شہروں میں کیا گیا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل