1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیرس میں ڈاکہ، لاکھوں یورو مالیت کی جیولری لوٹ لی گئی

11 جنوری 2018

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں واقع مشہور زمانہ رٹس ہوٹل میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک واردات کرتے ہوئے لاکھوں یورو مالیت کے زیورات چرا لیے۔ پولیس کے مطابق اس کارروائی کے فوراﹰ بعد تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

https://p.dw.com/p/2qg0P
Raubüberfall Ritz Hotel in Paris
تصویر: picture-alliance/dpa/Maxppp/O. Corsan

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فرانسیسی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیرس کے رٹس ہوٹل پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے پانچ ڈاکوؤں نے کئی ملین ڈالر کے زیورات چوری کر لیے۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ دس جنوری کی شام پیرس کے مشہور رِٹس ہوٹل میں واقع کئی دوکانوں کے شیشے توڑتے ہوئے ان ڈاکوؤں نے یہ زیورات چرائے۔

ایک درجن سے زائد پولیس اہلکار چوری کے جرم میں گرفتار

بھارت، چلتی ٹرین میں لاکھوں ڈالرکا ڈاکہ

کاغذی پرچی کے ساتھ سنگاپور کا بینک لوٹنے والا کینیڈین گرفتار

مقامی میڈیا کے مطابق تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی رات اس واردات کے بعد جب یہ ڈاکو فرار ہونے کی کوشش میں تھے، تو ان میں سے تین پکڑ لیے گئے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق تقریباﹰ چار تا پانچ ملین یورو کے زیورات چوری کیے گئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ واردات بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے ہوئی۔ اے ایف پی کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ اس ڈاکے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی۔ اسی دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا جبکہ باقی دو مشتبہ ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔

Raubüberfall Ritz Hotel in Paris
پولیس نے کچھ زیورات بازیاب بھی کرا لیے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/Maxppp/O. Corsan

رٹس ہوٹل کے ایک ملازم نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا، ’’ہم نے اونچی آوازیں سنیں، سڑک پر ہنگامہ آرائی محسوس ہوئی۔ سڑک پر موجود کچھ لوگ ہوٹل کے اندر داخل ہو گئے اور تب تک ہمیں یہ پتہ نہ چلا کہ مسئلہ کیا ہے۔ پھر کسی نے ہمیں بتایا کہ باہر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔‘‘ رٹس ہوٹل میں جیولری کے کئی مشہور برانڈز نے اپنے قیمتی زیورات ڈسپلے کر رکھے ہیں، جو سڑک سے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

ملکی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں اس واردات کے بعد پولیس کی فوری کارروائی اور مشتبہ افراد کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے انتہائی مستعدی کا مظاہرہ کیا۔ عدالتی ذرائع کے مطابق استغاثہ نے اس ڈاکے کی تحقیقات کے لیے باقاعدہ قانونی عمل شروع کر دیا ہے۔