چائلڈ پورنو گرافی کے خلاف، فیس بک اور مائیکرو سافٹ کی مشترکہ مہم
21 مئی 2011دنیا بھر میں انٹرنیٹ پر بچوں کی عریاں فلموں کی ترسیل اور فراہمی روکنے کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔ لیکن ابھی تک ان وہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے، جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ اس مسئلے سے نمنٹنے کے لیے سماجی ویب سائٹ فیس بک اور دنیا کے بڑے کمپیوٹر جائنٹ مائیکروسافٹ نے مل کر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں بتایا گیا کہ فیس بک اب مائیکرو سافٹ کا تیار کردہ ایک سافٹ ویئر استعمال کرے گا۔
اس کی مدد سے فیس بک پر شائع کی جانے والی تصاویر میں بچوں کی عریاں یا کسی بھی حوالے سے غیر اخلاقی تصاویر کا فوری طور پر پتا چلایا جا سکے گا۔ اس سافٹ ویئرکوPhoto DNA کا نام دیا گیا ہے۔ اس سافٹ ویئرکا تعلق بچوں کے اغوا اور زیادتی کے روکنے کے حوالے سے قائم کیے گئے اداروں کے ڈیٹا بیس سے ہو گا۔ اس صورت میں تصویر کو فوری طور پر فیس بک سے ہٹا دیا جائے گا اور مجرموں کے بارے میں حاصل کی گئی معلومات مقامی اداروں کو پہنچا دی جائے گی۔
مائیکرو سافٹ کے مطابق اب تک اس ٹیکنالوجی کی مدد سے دو ارب سے زائد تصاویر کی چھان بین کی جا چکی ہے۔ ان میں سے 2500 تصاویر ان بچوں کی تھیں، جن کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ مائیکرو سافٹ کے مطابق Photo DNA سے اس دوران کوئی بھی غلطی سرزد نہیں ہوئی اور تمام معلومات بالکل صحیح تھیں۔ اس دوران یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ اس سافٹ ویئر کا فیس بک کی اسپیڈ پرکوئی اثر نہیں پڑے گا اور فیس بک ایسا کر کے انٹرنیٹ انڈسٹری میں ایک مثال قائم کر رہا ہے۔
رپورٹ:´عدنان اسحاق
ادارت: عابد حسین