1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چانسلر میرکل کی مہاجرین دوست پالیسی کی انجلینا جولی بھی مداح

شمشیر حیدر6 دسمبر 2015

ہالی وُڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے یورپ میں جاری مہاجرین کے بحران کے دوران جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے دیگر یورپی ممالک پر بھی زور دیا ہے کہ وہ بھی میرکل کی طرح مثبت کردار ادا کریں۔

https://p.dw.com/p/1HIIi
Deutschland Flüchtling macht Selfie mit Merkel in Berlin-Spandau
تصویر: Reuters/F. Bensch

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق انجلینا جولی نے لاکھوں مہاجرین کو پناہ دینے پر جرمنی کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی مہاجرین دوست پالیسی کو جاری رکھنے پر میرکل کی تعریف بھی کی۔

جرمن اخبار ’ویلٹ ام زونٹاگ‘ سے کی گئی ایک گفتگو میں انجلینا جولی کا کہنا تھا، ’’جرمنی نے پناہ گزینوں کے حالیہ بحران کے دوران مضبوط کردار کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاکھوں تارکین وطن کو پناہ دے کر ان کی زندگی بچائی ہے۔‘‘

انجلینا جولی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی سفیر بھی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف جرمنی پر ہی مہاجرین کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے بلکہ دیگر یورپی ممالک اور امریکہ کو بھی اس بحران کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے شامی تنازعے کا سیاسی حل تلاش کرنے کی انگیلا میرکل کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ جولی کا کہنا تھا، ’’جہاں تک مجھے معلوم ہے، انگیلا میرکل شامی تنازعے کا سیاسی حل ڈھونڈنے کے لیے بھی پر عزم ہیں، جو یورپ میں جاری مہاجرین کے بحران کی بنیادی وجہ ہے۔‘‘

انہوں نے اقوام عالم سے بھی مطالبہ کیا کہ تمام ممالک شام میں جاری خانہ جنگی ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مسائل کا حل تلاش کرنا ’’بحیثیت انسان ہم پر فرض ہے۔‘‘

انجلینا جولی نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید