امریکی چپ پر پابندی کے جواب میں بیجنگ کی برآمدات پر پابندیاں
4 دسمبر 2024چین نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وہ عسکری مقاصد کے لیے کام آنے والی گیلیم، جرمینیم، اینٹیمونی اور ایسے بعض دیگر اہم ہائی ٹیک مواد کی امریکہ کے لیے برآمدات پر پابندی لگا رہا ہے۔
اس سے ایک روز قبل ہی واشنگٹن نے بیجنگ کے چپ سیکٹر پر تازہ ترین پابندیوں کا اعلان کیا تھا، جس کے رد عمل میں چینی وزارت تجارت نے بھی ایسی اشیا کی برآمدات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے امریکہ کی سیمی کنڈکٹرز بنانے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔
ٹرمپ کی میکسیکو اور چین پر بھاری محصولات نافذ کرنے کی دھمکی
چین نے "قومی سلامتی" کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فوجی اور سویلین یعنی نام نہاد دوہری استعمال کی اشیاء پر پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔ اس نے کہا کہ امریکہ بھیجے جانے والے گریفائٹ آئٹمز کے آخری استعمال پر بھی سخت نظرثانی کی ضرورت ہے۔
بیجنگ میں وزارت تجارت کا کہنا تھا، "اصولی طور پر اب، جیلیم، جرمینیم، اینٹیمونی، اور سپر ہارڈ مواد کی امریکہ کو برآمد کی اجازت نہیں ہو گی۔"
ٹرمپ کی چین مخالف پالیسی ایشیائی ممالک کو متاثر کرسکتی ہے
ٹرمپ کے دور میں مزید کشیدگی کا امکان
دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی پابندیوں میں اس طرح کا اضافہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ماہ واشنگٹن میں عہدہ سنبھالنے والے ہیں اور وہ پہلے سے ہی چینی درآمدات پر محصولات بڑھانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔
تائیوان کے قریب چینی عسکری سرگرمیاں
بیجنگ نے جولائی 2023 میں کہا تھا کہ ملک کے برآمد کنندگان کو جیلیم اور جرمینیم جیسے مواد کو امریکہ بھیجنے کے لیے لائسنس کے لیے درخواست دینے کی ضرورت ہو گی۔
اس کے بعد اگست 2024 میں، چینی وزارت تجارت نے اینٹیمونی اور متعلقہ اشیاء پر برآمدی کنٹرول کے اقدامات کا اعلان کیا، جو 15 ستمبر سے نافذ العمل ہوں گے۔ اینٹیمونی کا استعمال بیٹریوں سے لے کر ہتھیاروں کی مصنوعات کی ایک وسیع رینج تک کیا جاتا ہے۔
چین جیلیم اور جرمینیم کا سب سے بڑا عالمی ذریعہ ہے، جو کہ کم مقدار میں پیدا ہوتے ہیں لیکن سیل فونز، کاروں اور دیگر مصنوعات کے ساتھ ساتھ سولر پینلز اور فوجی ٹیکنالوجی کے لیے کمپیوٹر چپس بنانے کے لیے بہت ضروری ہوتے ہیں۔
امریکہ: اسلحہ پروگرام کی مدد کرنے پر درجنوں ادارے بلیک لسٹ
امریکی کریک ڈاؤن پر چین نے جیسے کو تیسا کا رد عمل اپنایا
پیر کے روز امریکہ نے چین کی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا، جو گزشتہ تین برسوں میں ایسی تیسری پابندی ہے اور اسی کے رد عمل میں چین نے بھی اپنے اس تازہ فیصلے کا اعلان کیا۔
امریکہ نے سخت برآمدی کنٹرول کے تحت چپ ساز و سامان بنانے والی کمپنی نورا ٹیکنالوجی گروپ سمیت 40 چینی کمپنیوں کی برآمدات کو روک دیا ہے۔
امریکہ کی روسی ’وار مشین‘ کو ہوا دینے پر چین کی مذمت
اس پر بیجنگ کی وزارت تجارت نے احتجاج کیا اور کہا کہ وہ بھی چین کے "حقوق اور مفادات" کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔
منگل کے روز جب چین نے اپنے اقدام کا اعلان کیا تو وائٹ ہاؤس نے جواباً کہا کہ وہ "کسی بھی چینی زبردستی کے اقدامات" کو کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔
ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)