چیمپئنز لیگ، بارسلونا جیت کر بھی فائنل سے باہر
29 اپریل 2010چیمپئنز لیگ کے ضابطے کے مطابق سیمی فائنل دو مرتبہ کھیلا جاتا ہے، یعنی ایک ایک بار دونوں ٹیموں کے شہروں میں۔ گزشتہ ہفتے اٹلی کے شہر میلان میں منعقدہ پہلا سیمی فائنل بارسلونا 3-1 سے ہارگئی تھی۔
فائنل تک پہنچنے کے لئے اسپین کے کلب بارسلونا کو اپنے شہر میں منعقدہ دوسرا سیمی فائنل کم از کم دو گول سے جیتنا تھا۔ تاہم اس کی جیت کا مارجن محض ایک گول رہا۔ اپنے ہی میدان پر ہزاروں پرجوش مداحوں کی موجودگی میں بارسلونا کو فائنل تک پہنچنے کا بہت یقین تھا، جو اس وقت اور بھی پختہ ہوگیا جب انٹرمیلان کی ٹیم دس کھلاڑیوں تک محدود ہوگئی۔ یہ اس وقت ہوا جب کھیل کے 28 ویں منٹ میں برازیل سے تعلق رکھنے والے میلان کے دفاعی کھلاڑی Thiago Motta کو سرخ کارڈ دکھاکر میدان سے باہر کردیا گیا۔
کھیل کے اختتامی لمحات میں یعنی 84 ویں منٹ میں Gerard Pique کے گول نے بارسلونا کو جیت تو دلادی، تاہم وہ فائنل تک پہنچے کے لئے کافی نہیں تھی۔ اس سے قبل بارسلونا کے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فاروڈ لیونیل میسی کے ایک تقریباً حتمی گول کو Julio Cesar نے انتہائی ماہرانہ انداز سے روکا۔
22 مئی کو چیمپئنز لیگ کے فائنل میں اب اطالوی کلب انٹر میلان کا جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ سے مقابلہ ہوگا۔ یہ میچ اسپین کے شہر میڈرڈ میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: ندیم گِل