چین سے کن ممالک کے شہریوں کا انخلا کیا گیا؟
چین میں کورونا وائرس کی ایک نئی قسم کے پھیلاؤ کے بعد وہاں مقیم غیر ملکی شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ کئی ممالک نے چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے اپنے شہریوں کا انخلا کیا ہے۔
فرانسیسی شہریوں کی چین سے واپسی
فرانس کے شہریوں کو ووہان سے واپس فرانس ایک خصوصی پرواز کے ذریعے لایا گیا۔ ہوائی اڈے سے ایک بس میں ان مسافروں کو سوار کر کے سخت نگرانی اور نگہداشت کے ایک مقام تک پہنچایا گیا۔ فرانسیسی شہری کم از کم چودہ ایام تک الگ تھلگ مقام پر رکھیں جائیں گے۔
انڈونیشی مسافروں کی روانگی
پہلی فروری کو چینی شہر ٹانگے رینگ سے باتک ہوائی کمپنی کی چارٹرڈ پرواز پر ڈھائی سو انڈونیشی شہری اپنے وطن کے لیے روانہ ہوئے۔ باتک ایئر لائن کا طیاہ ہوائی اڈے پر مسافروں کے سوار ہونے کا منتظر ہے۔
ہسپانوی شہریوں کا انخلا
چین میں کام کرنے والے ہسپانوی شہری بھی واپس وطن پہنچ رہے ہیں۔ ان مسافروں کو دارالحکومت میڈرڈ کے نواح میں واقع ایک فوجی ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔ ان مسافروں کو ہوائی جہاز سے باہر آتے ہی ایک مسافر بس کے ذریعے ایک مقام پر چودہ ایام کے لیے کوارنٹائن کر دیا گیا۔ ان ہسپانوی شہریوں کو ووہان شہر سے لایا گیا تھا۔
جرمن مسافروں کا انخلا
چین کے شہر ووہان سے ایک ایئر بس جرمن شہریوں کو لے کر کولون بون ایئر پورٹ پہنچی۔ ووہان ہی وہ شہر ہے جہاں سے کورونا وائرس کی نئی قسم نے جنم لیا تھا۔ یہ شہر چینی صوبے ہوبئی میں واقع ہے۔
بنگلہ دیشی بھی واپس وطن روانہ
ووہان میں غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے لیے خصوصی بسوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ تصویر میں بنگلہ دیشی شہری ووہان کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر پہنچ رہے ہیں۔
ہوائی جہاز کا عملہ بھی محتاط
چین سے مختلف ممالک کے شہریوں کو واپس لانے کی چارٹرڈ پروازوں کے عملے کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایات کی گئی ہیں۔ جہاز پر سوار ہونے والے مسافروں کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا۔
وائرس سے بچو
یورپ پہنچنے والے مشرق بعید کے سیاحوں نے خصوصی ماسک پہن کر اپنا سفر شروع رکھا ہوا ہے۔ جرمن صوبے باویریا میں ایک تائیوانی خاتون سیاح نے ماسک پہنے ایک تاریخی مقام پر کھڑی ہے۔
چینی شہریوں کی وطن واپسی
نمونیا کا باعث بننے والے وائرس کی افزائش کے بعد چین سے جہاں غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے وہاں دوسرے ممالک سے بھی چینی شہریوں کو وطن واپس بھیجنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ طیارے میں تھائی لینڈ سے واپس آنے والی چینی شہری ماسک پہنے بیٹھے ہیں۔
بھارتی شہریوں کے انخلا کی تیاریاں
بھارتی حکومت نے بھی ووہان میں موجود اپنے قریب ڈھائی سو شہریوں کی واپسی کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ نئی دہلی حکومت نے اس سلسلے میں ایئر انڈیا کا ایک طیارہ اسٹینڈ بائی پر رکھا ہوا ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق بھارتی شہریوں کی انخلا کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
چین سے پاکستانیوں کو واپس لانے پر حکومتی ہچکچاہٹ
پاکستانی حکومت نے چین میں موجود پاکستانیوں کو واپس نہ لانے کے فیصلے کو دہرایا ہے۔ اسلام آباد حکومت کا کہنا ہے کہ چین میں پاکستانیوں کا بہتر خیال رکھا جا رہا ہے اور وائرس میں مبتلا چار پاکستانیوں کی صحت بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے۔