1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی مشن چاند سے پتھر لے کر زمین پر واپسی کی تیاری میں

6 دسمبر 2020

چاند کی سطح پر اترنے والی ایک چینی خلائی گاڑی نے وہاں سے حاصل کیے گئے پتھروں کے کئی نمونے ایک اوربٹر میں منتقل کر دیے ہیں۔ یہ عمل اس خلائی گاڑی کی چاند سے زمین پر واپسی کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3mHgo
China Mondmission | Übertragung des gesammelten Gesteins in die Rückkehrkapsel
تصویر: Jin Liwang/Xinhua/picture alliance

یہ بات چینی خلائی ادارے کی طرف سے آج اتوار کے روز بتائی گئی۔ ایسا تقریباﹰ 45 برس بعد پہلی مرتبہ ہو گا کہ کوئی خلائی گاڑی چاند کی سطح سے حاصل کردہ نمونے لے کر زمین پر لوٹے گی۔

اس مشن کی کامیاب تکمیل کے ساتھ چین امریکا اور سابق سوویت یونین کے بعد دنیا کا ایسا تیسرا ملک بن جائے گا، جس کا کوئی خلائی مشن چاند کی سطح سے مادی نمونے جمع کر کے زمین پر لوٹا ہو۔

چینی میڈیا نے ملکی خلائی ادارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ چینی مون لینڈر اتوار کے روز واپس چاند کے مدار میں چینی خلائی جہاز کے ساتھ جڑ گیا۔ روبوٹ بردار مون لینڈر ہفتے کی صبح چاند کی سطح پر اتر تھا اور اس نے پتھروں کے نمونے جمع کیے تھے۔ پتھروں کے ان نمونوں کا وزن دو کلوگرام بنتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: چین کی بڑھتی ہوئی خلائی طاقت، چاند سے پتھر لائے جائیں گے

مون لینڈر اب ان پتھروں کو لے کر واپس زمین پر لوٹے گا۔ چینی خلائی ادارے کے منصوبے کے مطابق نمونے واپس لانے والا کیپسول وسط دسمبر میں چین کے شمال میں داخلی منگولیا کے علاقے میں لینڈ کرے گا۔

چینی خلائی ادارے نے مون لینڈر کی چاند کی سطح پر اترتے وقت لی گئی تصاویر بھی جاری کی ہیں
چینی خلائی ادارے نے مون لینڈر کی چاند کی سطح پر اترتے وقت لی گئی تصاویر بھی جاری کی ہیںتصویر: China National Space Administration/Xinhua/AP/picture alliance

یہ مشن اگر کامیاب رہا تو سن 1976 میں روسی سائنس دانوں کی جانب سے چاند کی سطح کے نمونے زمین پر کامیابی سے لے آنے کے بعد پہلی مرتبہ چاند کے پتھروں کے تازہ نمونے زمین پر لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: چاند گرہن، قصے اور حقائق

چینی خلائی ادارے نے مون لینڈر کی چاند کی سطح پر اترتے وقت لی گئی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔

چین نے اپنے کئی خلائی مشنز  کے منصوبے بنا رکھے ہیں جن میں مریخ کی جانب خلائی مشن کی روانگی اور نصف صدی بعد چاند کی سطح پر خلابازوں کو پہنچانے کا مشن بھی شامل ہے۔

ش ح / م م (اے پی، اے ایف پی)

چینی چاند مشن کی خاص بات کیا ہے؟