1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی صدر کی اپنے شامی ہم منصب بشار الاسد سے ’تاریخی ملات‘

23 ستمبر 2023

چین کے صدر شی جن پنگ نے شام کے رہنما بشار الاسد کے ساتھ ایک ’غیر معمولی ملاقات‘ کی ہے۔ انہوں نے مغرب سے شام پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ تباہ حال اس ملک کی تعمیر نو میں مدد کی پیش کش بھی کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4Wj8v
چین کے صدر شی جن پنگ نے شام کے رہنما بشار الاسد کے ساتھ  ایک ’غیر معمولی ملاقات‘ کی ہے
چینی صدر کی اپنے شامی ہم منصب بشار الاسد سے ’تاریخی ملات‘تصویر: SANA/REUTERS

چینی شہر ہانگژو میں ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات نے صدر اسد کی عالمی سطح پر واپسی کی مہم کو تقویت بخشی ہے جبکہ چین اس طرح مشرق وسطیٰ میں اپنے اسٹریٹجک مفادات کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔ مشرق وسطیٰ میں بیجنگ حکومت پہلے ہی سعودی عرب اور ایران کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی میں مصروف ہے۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق صدر شی جلد ہی 'چین شام اسٹریٹجک پارٹنرشپ‘ کے قیام کا اعلان کریں گے۔ اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں لیکن یہ کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات 'تاریخ کی نئی بلندیوں‘ کو چھوئیں گے۔

 صدر اسد جمعرات کو چین پہنچے تھے اور وہ آج ہانگژو میں ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ سن دو ہزار چار کے بعد صدر اسد کا یہ پہلا دورہ چین ہے۔ چین صدر اسد کی اقوام متحدہ میں بھی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

کیا چین مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے؟

چینی میڈیا میں جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے، ''چین شام کے اندرونی معاملات میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے خلاف ہے اور تمام متعلقہ ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ شام کے خلاف غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں ختم کر دیں۔‘‘

 جنوبی شام میں احتجاجی مظاہرے سر اٹھا رہے ہیں
سنگین معاشی صورتحال کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر جنوبی شام میں احتجاجی مظاہرے سر اٹھا رہے ہیںتصویر: Anas Alkharboutli/dpa/picture alliance

چینی صدر نے اپنے ہم منصب کو یہ بھی بتایا ہے کہ چین شام کی تباہ شدہ معیشت کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ اسے مقامی سطح پر درپیش بدامنی کا مقابلہ کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گا جبکہ موجودہ تعلقات کو ''اسٹریٹجک پارٹنرشپ‘‘ میں اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔

کیا مشرق وسطیٰ میں امریکی کردار کم زور ہو رہا ہے؟

شام نے سن 2022 میں چین کے ''بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ منصوبے میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ مئی کے دوران اسے عرب لیگ میں دوبارہ شامل کر لیا  گیا تھا۔ شام کو اپنے بنیادی ڈھانچے اور صنعت کی تعمیر نو کے لیے اس وقت غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔ اس کی سنگین معاشی صورتحال کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر جنوبی شام میں احتجاجی مظاہرے سر اٹھا رہے ہیں، جن میں ہجوم نے صدر اسد کی برطرفی کا مطالبات دہرائے ہیں۔

تاہم مبصرین کے مطابق چینی کمپنیاں شام میں تیزی سے سرمایہ کاری کرنے کا خطرہ مول نہیں لیں گی کیوں کہ شام کے خلاف امریکہ نے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے اپنے اثاثے منجمد ہو سکتے ہیں۔

تاہم یونیورسٹی آف وینس میں بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر میتھیو لاگرینزی کا کہنا ہے،'' چین دور سے ایک مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جیسا کہ اس نے ایران اور سعودی عرب کے باہمی معاہدے کے ذریعے کیا ہے۔‘‘

ا ا / ع ت (اے ایف پی، ڈی پی اے)