’ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی ’بیسٹ فرینڈ‘ ہوں گے‘
10 نومبر 2016نیوز ایجنسی روئٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے شلبھ کمار نے کہا کہ صرف دونوں ممالک کے سربراہان ہی نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے عوام بھی بہت قریب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’میرے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ نریندر مودی کے بارے میں جانتے ہیں اور مزید جاننا چاہتے ہیں۔‘‘
پاکستان کے حوالے سے شلبھ کمار نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ وہ پہلے امریکی صدر ہیں، جنہوں نے ’سرحد پار دہشت گردی‘ کی بات کی ہے اور ایسا کر کے انہوں نے بھارت کے اس الزام کو تسلیم کر لیا ہے کہ ’پاکستان دہشت گردی‘ کو فروغ دے رہا ہے، ’’میں ان سے توقع کرتا ہوں کہ وہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں سرجیکل حملوں کی حمایت کریں گے اور وہ بنیاد پرست مسلمانوں کے خلاف جنگ میں بھارت کو اپنا دوست دیکھیں گے۔‘‘
بھارت اور امریکا کے تجارتی تعلقات پر بات کرتے ہوئے شالابھ کمار نے کہا، ''مجھے یقین ہے کہ امریکا اور بھارت کے درمیان تجارت میں اضافہ ہو گا۔ مجھے امید ہے آئندہ دو برسوں میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم 250 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔‘‘