ڈچ شہری کا الیکٹرک کار پر 33 ممالک کا سفر
7 اپریل 2019ڈچ شہری ویبے واکر نے بجلی پر چلنے والی گاڑی میں 95 ہزار کلومیٹر کا سفر آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں مکمل کیا۔ واکر امید کرتے ہیں کہ ان کے اس عمل سے لوگوں میں الیکٹرک گاڑیوں کی اہمیت اجاگر ہو گی۔
ویبے واکر اپنی ’دی بلیو بینڈٹ‘ الیکٹرک کار ڈرائیو کرتے ہوئے ترکی، ایران، بھارت، میانمار، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے راستے آسٹریلیا کے مشرقی شہر سڈنی پہنچے۔ آج اتوار سات اپریل کو انہوں نے تین برس کے عرصے میں تقریباﹰ 95 ہزار کلومیٹر کا سفر مکمل کر لیا۔
واکر نے تین برس قبل ہالینڈ سے اس سفر کا آغاز کیا تھا۔ دنیا بھر سے لوگوں نے ان کی مالی مدد کی، جس کے ذریعے وہ اپنی رہائش، خوراک اور گاڑی کی بیٹری چارج کرنے کی قیمت ادا کرتے تھے۔
واکر کے بقول، ’’میں لوگوں کی رائے بدلنا چاہتا تھا تاکہ نقل و حرکت کے اس پائیدار ذریعے کے فوائد دیکھ کر لوگ متاثر ہوں اور الیکٹرک گاڑیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ واکر کا مزید کہنا ہے کہ اگر ایک شخص دنیا کے ایک حصے سے دوسری حصے تک الیکٹرک گاڑی میں سفر کر سکتا ہے تو روز مرہ کے استعمال کے لیے بھی یہ یقیناﹰ فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں۔
6.785 لیٹر ایندھن کی بچت
واکر کی الیکٹرک کار ’دی بلیو بینڈٹ‘ ایک مرتبہ چارجنگ کے بعد دو سو کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ طویل سفر پٹرول یا ڈیزل سے چلنے والی گاڑی پر کیا جاتا تو 6.785 لیٹر ایندھن استعمال ہوسکتا تھا۔
امریکی ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل یا گیس سے چلنے والی کار سالانہ 4.6 میٹرک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس خارج کرتی ہے جو ماحول کے لیے انتہائی ضرر رساں ہے۔
ع آ / ا ب ا (لوئیسا رائٹ / اے ایف پی)