1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل ایئر پورٹ کے باہر خودکش حملہ، 13 امریکیوں سمیت 90 ہلاک

26 اگست 2021

افغان دارالحکومت کے ہوائی اڈے کے باہر کیے گئے خودکش حملے میں تقریبا نوے افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہےْ

https://p.dw.com/p/3zX6P
Afghanistan | Kabul Airport Explosion
تصویر: Xinhua/imago images

طالبان کے ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں ہوائی اڈے پر موجود طالبان کے محافظ بھی شامل ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے دوحہ سے اپنے نمائندے کے حوالے سے بتایا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا۔ ہلاک ہونے والوں کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔

کابل ہوائی اڈے کا رخ نہ کریں، امریکا اور اتحادی ممالک کا مشورہ

ہلاک شدگان اور زخمی

زیادہ تر ذرائع  کی جانب سے اب تک نوے افراد کے مارے جانے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ ابھی بھی ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بیان کیا گیا ہے۔ مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں تیرہ امریکی بھی شامل ہیں۔ ان میں گیارہ میرین یا کمانڈوز تھے جب کہ ایک کا تعلق میڈیکل شعبے سے تھا۔

کابل ہسپتال کی ایمرجنسی نے زخمیوں کی تعداد ایک سو چالیس سے زائد بتائی ہے۔ ان زخمیوں میں کم از کم پندرہ امریکی بھی شامل ہیں۔ طالبان نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کی بھیڑ کی اس ممکنہ حمنلے کی وجہ سے مخالفت کر رہے تھے۔

Afghanistan I Explosion am Flughafen in Kabul
کابل ایئرپورٹ پر دھماکے کے بعد اٹھتا گرد و غبارتصویر: Wali Sabawoon/AP/picture alliance

ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی

افغانستان میں قریب قریب غیر فعال جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جہادی تنظیم کے بیان میں کہا گیا کہ خودکش بمبار تمام تر سکیورٹی کی دیواروں کو توڑتا ہوا اتنا آگے چلا گیا تھا کہ وہ امریکی فوجیوں سے صرف پانچ میٹر کی دوری پر تھا۔ 

دو دھماکوں کی تصدیق

ترک وزارتِ دفاع نے دو دھماکوں کا بتایا ہے۔ اس بیان میں ترک فوجیوں کے محفوظ رہنے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ امریکی فوج کے صدر دفتر پینٹاگون کے پریس سیکریٹری جان کیربی نے بھی دو دھماکوں کی تصدیق کر دی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کابل ہوائی اڈے کے آبی گیٹ کے قریب ہونے والے دونوں دھماکے یقنی طور پر دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ نے کیے ہیں۔

مذمتی بیانات

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ کرنے والے مبینہ خودکش بمبار نے ان افراد کو نشانہ بنایا جو ملک سے رخصت ہونے کی امید میں جمع تھے۔

 ادہر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے کابل ہوائی اڈے پر ہونے والوں دھماکوں کی مذمت کی ہے اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

Afghanistan | Explosion Kabul Airport
دھماکے میں ہونے والے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ شروع ہےتصویر: ASVAKA NEWS/REUTERS

مغربی اقوام کا انتباہ

کابل کے ہوائی اڈے پر موجود افغان شہریوں کو امریکی صدر جو بائیڈن کے علاوہ برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی جانوں کا خیال رکھتے ہوئے کسی محفوظ مقام کی جانب منتقل ہو جائیں۔

افغانستان میں کثیرالنسلی حکومت کا قیام، پاکستان علاقائی حمایت کے لیے کوشاں

اس تناظر میں جب طالبان کے ترجمان سے اس خطرے بابت پوچھا گیا کیا تو انہوں نے اسے بس ایک فضول بات قرار دی اور واضح کیا کہ اس سے ہجوم میں افراتفری پھیلانا مقصود ہے۔

ع ح/ ع ا (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)