1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل میں دھماکا، کم از کم نو افراد ہلاک

20 دسمبر 2020

افغان دارالحکومت کابل میں اتوار کو ہوئے ایک کار بم حملے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس کارروائی میں ایک قانون ساز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/3myQ3
Afghanistan Kabul | Anschlag mit Autobombe
تصویر: Rahmat Gul/AP Photo/picture alliance

افغان حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کے دن کابل میں کیے گئے ایک کار بم حملے میں قانون ساز خان محمد وردک کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔ افغان وزیر داخلہ مسعود اندرابی نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس حملے کے محرکات کیا تھے۔

مقامی میڈیا سے گفتگو میں اندرابی نے مزید کہا کہ اتوار کی صبح دارالحکومت میں ہوئی اس دہشت گردانہ کارروائی کے نتیجے نو افراد ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے مزید تفصلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ کم از کم بیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: افغانستان: کابل کے نائب گورنر سمیت تین افراد ہلاک

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس کارروائی میں یہ بم پہلے سے وہاں پارک ایک کار میں نصب تھا یا پھر رکن اسمبلی محمد خان کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے لیے خود کش کار بم حملے کی کوشش کی گئی۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی ہے۔

طالبان کے حملوں میں بھی اضافہ

افغانستان میں حالیہ کچھ عرصے میں تشدد کی کارروائیوں میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے، جن میں زیادہ تر بم حملے شامل ہیں۔ یہ پرتشدد واقعات ایک ایسے وقت میں بڑھے ہیں، جب کابل حکومت اور افغان طالبان کے مابین امن مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔

اس کے علاوہ اتوار کے دن ہی صوبہ لوگر، قندہار، ہلمند اور ننگر ہار کے علاوہ بدخشاں میں بھی بم دھماکوں کی اطلاعات ہیں، جن میں مبینہ طور پر متعدد افراد اور سکیورٹی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے:افغانستان: امریکی بیس پر راکٹ حملے اور غزنی میں 15 بچے ہلاک

جمعے کے دن بھی غزنی صوبے میں ایک بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پندرہ شہری مارے گئے۔ اس کارروائی میں گیارہ بچے بھی ہلاک ہوئے۔

افغان وزرات داخلہ کی طرف سے جاری ہوئے ایک بیان کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران طالبان نے ملک بھر میں پینتیس خود کش حملوں سمیت پانچ سو سات بم حملے کیے، جن کی وجہ سے چار سو ستاسی افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

ع ب / ا ا / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں