1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل میں نیٹو قافلے پر خود کش حملہ، آٹھ ہلاک

3 مئی 2017

افغان دارالحکومت کابل میں آج صبح ہونے والے ایک خود کش حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس حملے کا ہدف امریکی فوجی تھے۔

https://p.dw.com/p/2cGD7
Afghanistan Anschlag auf Nato-Konvoi in Kabul
تصویر: picture-alliance/AP/dpa/M. Hossaini

افغانستان میں تعینات نیٹو فورسز کے ترجمان امریکی نیوی کیپٹن بِل سالوِن کے مطابق اس کار بم حملے کا نشانہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا ایک قافلہ تھا۔ ان کے بقول اس واقعے میں ہلاک ہونے والے تمام افغان شہری ہیں۔ سالون نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں تین امریکی اہلکار بھی شامل ہیں۔ اس حملے میں نیٹو کی دو بکتر بند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

Afghanistan Anschlag auf Nato-Konvoi in Kabul
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Hossaini

حکام کے مطابق اس حملے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔ یہ حملہ کابل کے ایک مصروف علاقے میں آج بدھ تین مئی کو صبح کے اوقات میں کیا گیا۔ افغان وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نجیب دانش نے بتایا یہ واقعہ کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب واقع مسعود اسکوائر پر پیش آیا۔ اسی علاقے میں افغان سپریم کورٹ کی عمارت  اور کئی وزارتوں کے دفاتر بھی واقع ہے۔ نجیب دانش نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم طالبان کی طرف سے چند روز قبل ہی موسم بہار کے حملے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ طالبان نے ان حملوں کو اپنے سابق رہنما ملا اختر منصور کے حوالے سے ’’آپریشن منصوری‘‘ کا نام دیا ہے۔ طالبان نے کہا تھا کہ ان حملوں میں افغان فورسز کے علاوہ غیر ملکی فورسز اور ان کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔