1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاتالونیا ریفرنڈم، پولنگ جاری، پولیس پولنگ اسٹیشنوں میں داخل

شمشیر حیدر نیوز ایجنسیاں
1 اکتوبر 2017

کاتالونیا کی حکومت اور ریفرنڈم کے حامیوں نے اسپین کی مرکزی حکومت کی تمام تر مخالفت کے باوجود پولنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جب کہ ہسپانوی پولیس زبردستی پولنگ اسٹیشنوں میں داخل ہو کر بیلٹ باکسز قبضے میں لے رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2l2jT
Spanien Referendum Katalonien Polizei
تصویر: Getty Images/AFP/P. Barrena

کاتالونیا میں ہسپانوی پولیس نے ریفرنڈم کے حامیوں کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی کی۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے اس دوران ربڑ کی گولیاں بھی استعمال کیں۔ طبی ذرائع کے مطابق پولیس کی کارروائی میں زخمی ہونے والے 38 افراد کو ہسپتالوں میں لایا گیا جن میں سے زیادہ تر معمولی زخمی ہیں۔ کاتالونیا کے رہنما نے پولیس کی جانب سے ’ربڑ کی گولیاں استعمال کرنے اور لاٹھی چارج‘ پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے غیر ضروری قرار دیا ہے۔

ہسپانوی علاقے کاتالونیا کی مقامی حکومت نے اسپین سے علیحدگی کے لیے منعقدہ ریفرنڈم میں پولنگ کا سلسلہ مرکزی حکومت کی مخالفت کے باوجود جاری رکھا ہوا ہے۔ اس ریفرنڈم کو روکنے کی خاطر اسپین بھر سے پولیس کاتالونیا میں جمع ہے اور مرکزی حکومت ریفرنڈم روکنے کی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

کاتالونیا کا ریفرنڈم، میڈرڈ حکومت پریشان، اسپین میں کشیدگی

گزشتہ شب تک ہسپانوی پولیس نے نصف سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو سیل کر دیا تھا جب کہ ہسپانوی علاقے کاتالونیا میں آزادی کے حامی بے شمار افراد نے بھی درجنوں اسکولوں کو اپنے قبضے میں لے رکھا تھا۔ ان اسکولوں کو مجوزہ ریفرنڈم کے دوران بطور پولنگ اسٹیشنوں کے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس پیش رفت کے باوجود کاتالونیا کی مقامی حکومت نے پولنگ شروع کر رکھی ہے۔ آج یکم اکتوبر بروز اتوار ریفرنڈم کے حامیوں کی بڑی تعداد ایسے پولنگ اسٹیشنوں کے باہر قطار بنا کر ووٹ ڈالنے کے لیے جمع رہے۔

مقامی حکومت نے ریفرنڈم کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے آج صبح ہی اعلان کیا تھا کہ ووٹ ڈالنے کے خواہش مند ایسے افراد ، جن کے متعلقہ پولنگ اسٹیشن ہسپانوی پولیس نے سیل کر رکھے ہیں، دوسرے پولنگ اسٹیشنوں پر جا کر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

دوسری جانب اسپین بھر سے کاتالونیا لائی گئی پولیس ریفرنڈم کو ناکام بنانے کی کوششوں میں ہے۔ ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہونے کے بعد پولیس متعدد پولنگ اسٹیشنوں میں دروازے توڑ کر داخل ہو گئی اور پولنگ کے لیے استعمال ہونے والے بیلٹ باکسز کو قبضے میں لینا شروع کر دیا۔

Spanien Referendum Katalonien Polizei
ہسپانوی پولیس ریفرنڈم ناکام بنانے کے بھرپور کوششوں میں ہےتصویر: Getty Images/D. Ramos

 ہسپانوی دارلحکومت میڈرڈ میں قائم مرکزی حکومت اس ریفرنڈم کو اول دن سے غیرقانونی قرار دیتی ہے اور اسے کالعدم بھی قرار دے چکی ہے۔ اسی طرح اسپین کی سپریم کورٹ نے بھی اس ریفرنڈم کو خلاف ضابطہ قرار دے دیا ہے۔ اس اعلیٰ عدالت نے کاتالونیا کی پارلیمنٹ کو بھی ریفرنڈم میں شرکت کرنے سے باز رہنے کی تلقین کر رکھی ہے۔

کاتالونیا میں اس ریفرنڈم سے معاشرتی و سماجی تقسیم انتہائی واضح ہو گئی ہے۔ سارا علاقہ آزادی کے پرجوش حامیوں اور اسپین کے ساتھ رہنے والوں میں تقسیم ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق صورت حال بہت مخدوش دکھائی دیتی ہے اور کوئی ایک ناخوشگوار واقعہ پرتشدد حالات پیدا کر سکتا ہے۔ آزادی پسند حکومت اس کوشش میں ہے کہ اتوار پہلی اکتوبر کو ریفرنڈم کا انعقاد کامیاب بنایا جا سکے۔

بارسلونا ’’ ہم خوفزدہ نہیں‘‘

جب اسپین میں حملے ہوئے