کاتالونیا میں سول نافرمانی شروع کر سکتے ہیں، علیحدگی پسند
23 اکتوبر 2017اسپین میں سیاسی بحران اپنے نکتہء عروج پر پہنچ چکا ہے۔ میڈرڈ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ کاتالونیا کی علاقائی پارلیمان تحلیل کرتے ہوئے تمام تر انتظامی اختیارات اپنے ہاتھوں میں لے سکتی ہے، جب کہ دوسری جانب کاتالونیا کے علیحدگی پسند رہنماؤں نے دھمکی دی ہے کہ وہ علاقے میں سول نافرمانی کا اعلان کر سکتے ہیں۔
یہ بدترین اقدامات ہیں، کاتالان لیڈر پوج ڈیمونٹ
اسپین اور کاتالونیا کے مابین کشیدگی بڑھتی ہوئی
یورپی یونین سمٹ: بریگزٹ اور کاتالونیا کو اہمیت حاصل رہے گی
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس صورت حال میں سرکاری ملازمین خصوصاﹰ فائرفائٹرز، اساتذہ اور طلبہ پھنس کر رہ گئی ہیں، جہاں ایک طرف علاقائی حکومت ہے اور دوسری جانب مرکزی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اسپین میں کئی دہائیوں کے اس شدید ترین سیاسی بحران میں رواں ہفتے انتہائی نازک ہے۔
میڈرڈ حکومت نے کاتالونیا میں یکم اکتوبر کو ہونے والے متنازعہ ریفرنڈم کے تناظر میں خطے کی علاقائی خودمختاری کے ممکنہ خاتمے کے اشارے دیے ہیں۔ آئینی عدالت کی جانب سے غیرقانونی قرار دیے جانے کے باوجود علاقائی حکومت نے اس ریفرنڈم کا انعقاد کیا تھا، جس میں عوام کی اکثریت نے کاتالونیا کی اسپین سے علیحدگی کے حق میں رائے دی۔
کاتالونیا کی علیحدگی پسند جماعتوں نے جمعرات کو ایک بڑے اجلاس کا اعلان کیا ہے، جس میں میڈرڈ حکومت کے اقدامات کے ردعمل پر بات کی جائے گی اور اس کے بعد کوئی حتمی اعلان کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق علیحدگی پسند جماعتوں کی جانب سے اس اجلاس کے بعد یک طرفہ طور پر اعلان آزادی کیا جا سکتا ہے اور اسی تناظر میں کاتالونیا کی علاقائی حکومت اور اسپین کی مرکزی حکومت کے درمیان سخت تناؤ پایا جاتا ہے۔
اسپین کی سینیٹ جمعے کے روز اپنے اجلاس میں کاتالونیا کی محدود علاقائی خودمختاری معطل کرنے کی حکومتی تجاویز کی منظوری دے سکتی ہے۔
اسپین کے نائب وزیراعظم سورایا سانیز ڈی سانتاماریا نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام تک کاتالان کے صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ کو برطرف کیا جا سکتا ہے۔ ’’وہ اس کے بعد کسی بھی طرح کے احکامات جاری نہیں کر سکیں گے۔ وہ فیصلے نہیں کر سکیں گے اور انہیں تنخواہ ملنا بھی بند ہو جائے گی۔‘‘
دوسری جانب کاتالونیا کے صدر پوج ڈیمونٹ کی حمایت کرنے والے انتہائی بائیں بازو کی پاپولر یونٹی پارٹی نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کے بعد میڈرڈ حکومت کے اقدامات کاتالونیا کے عوام کے خلاف آمر فرانسِسکو فرانکو کے دور کے بعد کے سب سے بدترین اقدامات ہیں۔