1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز اختتام پذیر

15 اکتوبر 2010

نئی دہلی منعقدہ کھیلوں کے دولت مشترکہ مقابلے جمعرات کو اختتام پذیر ہو گئے۔ تین اکتوبر کو شروع ہونے والے ان مقابلوں میں تمغوں کے حوالے سے آسٹریلوی کھلاڑی سر فہرست رہے۔

https://p.dw.com/p/PeMA
تصویر: AP

اس ایونٹ کا باقاعدہ اختتام ایک شاندار تقریب کی صورت میں ہورہا ہے۔ جواہر لال نہرو سٹیڈیم میں منعقدہ ان کھیلوں کی اختتامی تقریب دیکھنے کے لئے لوگوں کا ایک بڑا ہجوم امنڈ آیا۔ سٹیڈیم میں موجود شائقین نے اس تقریب میں شریک تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو دل کھول کر داد دی۔ ان کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر اس وقت بھارتی حکام کو قابل ستائش نظروں سے دیکھا جا رہا ہے۔

کامن ویلتھ گیمز کے سربراہ مائیک فینیل نے بھارت میں منعقد ہوئے ان مقابلوں کی تعریف کی۔ ان مقابلوں کے آغاز سے قبل تعمیراتی کاموں میں تاخیر، صحت اور سکیورٹی سے متعلق خدشات کی وجہ سے ایک وقت تو ایسا بھی آیا تھا کہ ان مقابلوں کو منسوخ کرنے کے بارے میں بھی سوچنا پڑا تھا۔

مائیک فینیل نے آج ان مقابلوں کی اختتامی تقریب سے قبل اعتراف کیا کہ وہ جب 23 سمتبر کو نئی دہلی پہنچے تھے، تو لوگ ان سے یہ پوچھ رہے تھے کہ وہ ان مقابلوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کب کر رہے ہیں۔ کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے صدر فینیل نے کہا کہ لوگ غیر ملکی ایتھلیٹس سے دریافت کر رہے تھے کہ آخر وہ نئی دہلی جا ہی کیوں رہے ہیں۔

اب ان مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد فینیل نے کہا کہ جب گزشتہ سال مجھے سے پوچھا گیا تھا کہ ان مقابلوں کے انعقاد کے لئے ان کا ’پلان بی‘ کیا ہے، تو انہوں نے کہا تھا، نئی دہلی۔

Flash-Galerie Indien Commonwealth Games Delhi 2010
کامن ویلتھ گیمز کی اختتامی تقریب میں شامل لوگتصویر: AP

گزشتہ کامن ویلتھ گیمز کی طرح اس مرتبہ بھی آسٹریلوی کھلاڑیوں کا دستہ میڈل ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان رہا۔ اس نے 74 طلائی تمغوں کے ساتھ مجموعی طورپر177 تمغے اپنے نام کئے۔ میزبان ملک بھارت کی کارکردگی ان مقابلوں میں نکھر کر سامنے آئی۔ گزشتہ مقابلوں کی نسبت اس نے تقریبا دو گنا تمغے حاصل کئے، جن کی تعداد 101 بنتی ہے۔ بھارتی ایتھلیٹس نے 38 طلائی تمغے جیتے جبکہ میڈل ٹیبل پر تیسری پوزیشن برطانیہ کی رہی ، جس نے مجموعی طور پر 142 میڈل جیتے تاہم اس کے طلائی تمغوں کی تعداد 37 رہی۔

انیسویں کامن ویلتھ گیمز کے آخری دن بھارت کا ایک اور طلائی تمغہ جیتنے کا خواب اس وقت چکنا چور ہو گیا، جب ہاکی کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو صفر کے مقابلے میں آٹھ گولوں سے شکست دی۔ میجر دیال چند نیشنل سٹیڈیم میں یہ میچ دیکھنے کے لئے بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے ساتھ ساتھ انیس ہزار تماشائی بھی موجود تھے۔

کامن ویلتھ گیمز کے آئندہ مقابلے سن 2014ء میں گلاسگو میں منقعد کئے جائیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں