1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامیڈی ایکشن فلم ٹُو گنز نے باکس آفس میلہ لُوٹ لیا

عابد حسین6 اگست 2013

امریکی فلم انڈسٹری ہالی وُڈ پر موسم گرما کی چھائی ناکامی کی دھول اب چھٹنے لگی ہے۔ اس مرتبہ نہ کارٹون فلم ہے اور نہ ہی ڈراؤنی فلم بلکہ سُپر ڈوپر ہٹ ایک کامیڈی ایکشن فلم ٹُو گنز ہے۔

https://p.dw.com/p/19KGV
تصویر: Reuters

ہلکی پھلکی ایکشن فلم ٹُو گنز اس وقت تین ہزار سے زائد مقامات پر ریلیز کی جا چکی ہے۔ شمالی امریکی سنیما گھروں میں اس فلم کو شائقین نے بے حد پسند کیا ہے۔ پہلے ہفتے کے دوران یونیورسل پکچرز کی جانب سے ریلیز ہونے والی اِس فلم کو دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے زائد کی کمائی ہوئی ہے۔ اس طرح مبصرین نے اس فلم کو سونے چاندی کی بارش کرنے والی ایک فلم قرار دیا ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران ہالی وُڈ کی فلمی صنعت کو فیملی انٹرٹینمنٹ والی کسی فلم کی کامیابی کی اشد ضرورت تھی۔ رواں برس میں اب تک کارٹون یا اینیمیٹڈ فلموں کے علاوہ ہیوی ایکشن اور ڈراؤنی فلموں کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

Deutschland Geschichte Kultur Presse Gladbecker Geiseldrama Silke Bischoff
ہلکی پھلکی ایکشن فلم ٹُو گنز اس وقت تین ہزار سے زائد مقامات پر ریلیز کی جا چکی ہےتصویر: AP

نئی کامیڈی ایکشن فلم ٹُو گنز کا اسکرین پلے اسٹیون گرانٹ کے اسی نام کے ناول پر تیار گیا ہے۔ اسٹیون گرانٹ کا ناول بنیادی طور پر ایک کامِک سیریز کا حصہ ہے۔ فلم کے لیے اسکرین پلے مشہور امریکی مصنف اور ہدایتکار بلیک ماسٹرز نے لکھا ہے۔ اس کامیاب فلم کے ہدایتکار آئس لینڈ سے تعلق رکھنے والے باشتاسر کومُوکر ہیں۔ ٹُو گنز فلم میں مرکزی کردار نگاری ڈینزل واشنگٹن اور مارک وہلبرگ نے نبھائی ہے۔ ہیروئن کے رول میں امریکی اداکارہ پاؤلا پیٹن ہیں۔

کامیڈی ایکشن فلم ٹُو گنز میں ڈینزل واشنگٹن اور مارک وہلبرگ کا کردار دو عادی مجرموں کا ہے جو میکسیکو میں مقیم منشیات کے ایک اسمگلر کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتے ہیں اور اس دوران وہ امریکی خفیہ ایجنٹوں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں۔ فلم کی کہانی خاصی تیز ہے اور مرکزی کرداروں نے ایکشن کے منظر میں بھرپور کردار نگاری کی ہے۔ فلم میں ایکشن کے ساتھ ساتھ ہلکے پھلکے مناظر بھی ہیں جن سے شائقین لُطف اندوز ہوتے ہیں۔

باشتاسر کومُو کی بطور ہدایتکار یہ نویں فلم ہے۔ آئس لینڈ میں انہوں نے تھیٹر میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں۔ بظاہر کومُوکر کے کریڈٹ پر کوئی بہت بڑی فلم پہلے موجود نہیں ہے اور نئی فلم کی شاندار کامیابی سے ان کے ہداتیکاری کو بھی نیا رنگ اور جوش ملا ہے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سونی فلمز کی ایک اور فلم کو بڑی کامیابی نہیں حاصل ہو سکی ہے۔ باکس آفس پر بڑی کامیابی حاصل نہ کر سکنے والی نئی کارٹون فلم سمرفس سیریز کا دوسرا حصہ ہے۔ سونی فلمز کی دو سابقہ فلمیں وائٹ ہاؤس ڈاؤن اور آفٹر ارتھ تھیں، انہیں بھی سپر ہٹ فلموں کا درجہ حاصل نہیں ہو سکا۔ اسی طرح کارٹون فلم سمرفس ٹُو کو بھی ناکام خیال کیا گیا ہے۔