1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کرائے کی ماؤں‘ کے پاس پھنسے ہزاروں چینی بچے

24 ستمبر 2020

دولتمند چینی والدین نے بیرونی ممالک میں اپنے بچوں کی پیدائش کے لیے سروگیسی ایجنسیوں کا سہارا تو لیا مگر کورونا کی وبا کے سبب وہ اب اپنے بچوں سے ملنے اور انہیں گھر لانے سے محروم ہیں۔

https://p.dw.com/p/3ivuf
Ukraine Coronavirus Leihmutterschaft BioTexCom
تصویر: Efrem Lukatsky/AP Photo/picture alliance

 

 سرحدوں کی بندش، سفری پابندیاں اور وائرس کے پھیلاؤ کا خوف حیاتیاتی والدین اور ان کے بچوں کے درمیان فاصلے کم ہونے نہیں دے رہا۔

چین نے ہر طرح کی 'سروگیسی‘ پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ کمرشل یا کاروباری اور بے لوث دونوں صورتوں میں 'خواتین کو کسی دوسرے مرد اور عورت کے بچے کو اپنے رحم میں پالنے‘ کی اجازت نہیں ہے۔ یہ پابندی غریب خواتین کے استحصال کے خدشات کے پیش نظر 2001ء میں لگائی گئی تھی۔

چیری لن بچے کے جھولے کو ہلکے ہلکے ہلاتے ہوئے یہ سوچ رہی ہے کہ غالباً  اُس کے بیٹے کے لیے یہ جھولا اب چھوٹا پڑے گا کیونکہ اُسے معلوم نہیں کہ وہ اپنے بیٹے سے کب ملے گی۔ چیری لن ان سینکڑوں ماؤں میں سے ایک ہے، جو اپنے بچوں کے لیے اجنبی ہیں کیونکہ ان کے بچوں کی پیدائش 'سروگیٹ مدر‘ یا 'کرائے کی ماں‘ کے ہاں ہوئی اور وہ غیر ملکوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کے سبب  بہت سے ممالک کی سرحدیں بند کر دی گئیں۔ اب ان چینی ماؤں کے حیاتیاتی بچے غیر ممالک میں اپنی 'کمرشل‘ ماؤں کے پاس ہیں۔ چین نے غریب عورتوں کے استحصال کے خدشے کے پیش نظر 'کرائے پر بچے کو اپنے رحم میں رکھنے اور اسے پیدا کرنے‘ کے کاروبار پر مکمل پابندی عائد کر کر رکھی ہے۔ پھر بھی سروگیٹ یا کرائے کی ماؤں کی تلاش میں بہت سے جوڑے ہزاروں ڈالر خرچ کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ چین میں ایسے جوڑے 35 تا 75 ہزار امریکی ڈالر تک دے کر غیر ملکی خواتین کو بطور کرائے کی ماں اپنے بچے کو رحم میں رکھ کر نو ماہ تک اس کی پرورش کر کے اسے جنم دینے کی ذمہ داری سونپ دیتے ہیں۔ یہ کرائے کی مائیں انہیں زیادہ تر لاؤس، روس، یوکرائن، جارجیا یا امریکا میں مل جاتی ہیں۔ عام حالات میں سروگیٹ ماؤں کے ہاں پیدا ہونے والے بچے پیدائش کے بعد جلد سے جلد حیاتیاتی والدین کے حوالے کر دیے جاتے ہیں تاہم کورونا کی وبا نے اس پورے سسٹم کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔

Ukraine Kiew | Coronavirus | Leihmutterfirma
کی ایف کے ایک ہوٹل میں درجنوں نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال نرس کے حوالے۔ تصویر: Getty Images/AFP/S. Supinksy

کورونا کا بحران اور سروگیسی کاروبار

کورونا کی وبا کیا پھیلی کہ تمام کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ سرحدیں بند، پروازیں منسوخ، یہاں تک کہ ویزے بھی کینسل کر دیے گئے۔ ایسے میں نوزائیدہ بچوں کے چینی حیاتیاتی والدین اپنے بچوں کے انتظار میں بے چین، حالات کے نارمل ہونے کے منتظر ہیں لیکن فی الحال یہ ممکن ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ ان حالات میں تاہم چین کے اندر سروگیسی کی بلیک مارکیٹ میں کاروبار دوبارہ چل پڑا ہے۔

بڑھتی ہوئی آمدنی، بانجھ پن یا ڈھلتی ہوئی عمر کے جوڑوں یا ایسے والدین جن کی تولیدی عمر گزر چکی ہے، یہ تمام عناصر سروگیسی کی بلیک مارکیٹ کو دوبارہ سے متحرک کرنے کا سبب بنے ہیں۔ چین نے سن 2016 میں 'ون چائلڈ پالیسی‘ کو ختم کر دیا تھا، جس کے بعد بیٹے کی پیدائش کے خواہش مند شہریوں کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا اور غیر ملکی سروگیٹ ماؤں  کی مانگ بھی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی۔

روس اور یوکرائن کی سروگیسی ایجنسیوں کے مطابق ان ممالک کے یتیم خانوں اور مختلف اپارٹمنٹس سے ایسے درجنوں نو زائیدہ بچے ملے ہیں جنہیں سروگیٹ ماؤں نے جنم دیا۔ چین کے جنوبی شہر چنگڈو سے تعلق رکھنے والی ایک ماں لِن نے اے ایف پی کو بتایا، ''میری راتوں کی نیندیں اڑ چکی ہیں، میں سو نہیں سکتی، میں پوری رات اپنے نوزائیدہ بچے کے بارے میں سوچتی رہتی ہوں جو ایک یتیم خانے میں پھنسا ہوا ہے۔‘‘ یہ چینی خاتون متعدد بار حاملہ ہوئی لیکن ہر بار اُس کا حمل گر گیا۔ اب اس کے پاس اپنے بچے کی پیدائش کے لیے ایک سروگیٹ ماں کے انتخاب کا آپشن ہی بچا تھا۔ اس کے بچے کی پیدائش جون میں سینٹ پیٹرزبرگ میں ہوئی۔ اس سے تین ماہ قبل ہی روس نے کورونا کی وبا کی روک تھام کے دوران چین کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کر دینے کا اعلان کر دیا تھا۔ لِن کا کہنا ہے، ''ہمیں نہیں معلوم ہمیں اپنے بچے کا کب تک انتظار کرنا پڑے گا۔‘‘

Ukraine Kiew | Coronavirus | Leihmutterfirma
بیرون ملک سفر پر پابندی کے سبب چینی حیاتیاتی مائیں اپنے بچوں کے لمس سے بھی محروم۔تصویر: Getty Images/AFP/S. Supinksy

38 سالہ لِن ایک وکیل ہے، گزشتہ برس اپنے شوہر کے ساتھ روس گئی اور وہاں جا کر اُس نے ایک 'سروگیسی کمپنی‘ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ جب اُسے ڈاکٹروں کی طرف سے حمل ٹھہرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی، تو اُس کے بعد اُس نے بچے کی ضروریات کی چیزیں خریدیں، یہاں تک کہ اُس نے ایک 'Infant Aid Course‘ بھی کر لیا۔‘‘

اس کا بچے کے ساتھ وقت گزارنے کا سپنا ایک بھیانک خواب بن کر رہ گیا۔ اُس کے بچے کی پیدائش سروگیٹ ماں کے ہاں ہوئی اور پیدائش کے بعد پہلے ہفتے اُسے اپنے نو زائیدہ بچے کی تصاویر اور ویڈیو کلپس ملتے رہے، جو اُسے سروگیسی ایجنسی بھیجا کرتی تھی۔

حکام اور سرکاری ادارے خاموش

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے چینی وزارت خارجہ اور بیجنگ میں روسی سفارتخانے سے رابطہ کیا اور اُن سے پوچھا کہ چینی والدین کے نوزائیدہ بچوں کو واپس لانے کے لیے اُن کی طرف سے کیا تعاون کیا جا رہا ہے؟ اس سوال کا اے ایف پی کو اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔ نہ ہی اب تک اس بارے میں کوئی سرکاری اعداد و شمار موجود ہیں کہ سروگیٹ ماؤں کے ہاں غیر ممالک میں جنم لینے والے اور وہاں پھنسے ہوئے چینی بچوں کی کُل تعداد کتنی ہے۔

Ukraine Kiew | Coronavirus | Leihmutterfirma
کورونا کی وبا نے سینکڑوں نوزائیدہ بچوں کو حیاتیاتی ماں کی گود سے محروم کر رکھا ہے۔ تصویر: Getty Images/AFP/S. Supinksy

جون میں یوکرائن کی سروگیسی سروس BioTexCom نے ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ایک ہوٹل میں نوزائیدہ بچوں کی قطاریں دکھائی دے رہی ہیں۔ دریں اثناء 'بائیو ٹیکس کام‘ کے ایک نمائندے نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس وقت اُن کے پاس جو 46 نوزائیدہ بچے ہیں، اُن میں نصف سے زیادہ کے حیاتیاتی والدین چینی ہیں۔ سرحدوں کی بندش کے باوجود حکام نے حیاتیاتی والدین کو اپنے  بچوں کی وطن واپسی کا دعویٰ کرنے کا خصوصی اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔ لیکن 'لی منگسیا‘ جس کا بچہ مئی میں  کییف میں پیدا ہوا تھا، اُس کے لیے یہ کافی نہیں۔ کییف میں قرنطینہ کی شرائط اور ایئر لائنز کی طرف سے  شاذ و نادر پروازوں کا بندوبست انہیں اُن کے نوزائیدہ بچے تک پہنچنے کے عمل کو مزید مشکل اور تاخیر کا شکار بنا رہا ہے۔ یہ نومبر کے اواخر سے پہلے کسی صورت کییف نہیں پہنچ سکتیں۔ لی منگسیا کے بقول، ''میں اپنے نوزائیدہ بچے کی زندگی کے پہلے چھ ماہ کا کوئی تجربہ نہیں کر سکتی۔ اُسے محسوس نہیں کر سکتی اور یہ وقت مجھے کبھی واپس نہیں مل سکتا۔‘‘

بیرون ملک پیدا ہونے والے زیادہ تر بچوں کے پاس کوئی برتھ سرٹیفیکیٹ نہیں ہوتا کیونکہ اس سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لیے درکار والدین کا ڈی این اے ٹیسٹ کرنا فی الحال ناممکن ہے کیونکہ ایسے والدین بیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔

ک م / م م (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں