’کراچی سکینڈل‘، فرانس میں شور
23 نومبر 2010حال ہی ميں فرانس کی وزارت اقتصاديات کی تلاشی کے دوران سارکوزی کے نام لکھا گیا ايک ايسا خط دريافت ہونے کی اطلاع ملی ہے، جس ميں کميشن اور دوسری رقوم کا ذکر ہے۔ الزامات کے مطابق يہ سارا پيسہ بالکل غير قانونی طور پردوبارہ فرانس پہنچا تھا۔
ميڈيا رپورٹوں کے مطابق ان رقوم کا تعلق پاکستان کو آبدوزيں فروخت کرنے کے ايک سودے سے ہے۔ فرانس کے معروف اخبار La Parisien نے اپنی منگل کی اشاعت ميں کيس کی تحقيقات کرنے والے افسران کے حوالے سے لکھا ہے کہ يہ انکشاف فرانسيسی صدر کے لئے ايک ’ٹائم بم‘ ثابت ہو سکتا ہے۔
صدر سارکوزی کے نام يہ خط سن 2006ء کا ہے، جب وہ صدارتی اميدوار تھے۔ فرانس کے وزير دفاع Alain Juppe نے اعلان کيا ہے کہ تحقيقاتی حکام کی خواہش پر مزيد دستاويزات تک اُن کی رسائی کے لئے فوجی راز داری کی پابندی اٹھا لی گئی ہے۔
’کراچی اسکينڈل‘ کے نام سے مشہور ہونے والے اس واقعے کا تعلق سن 1990ء کے عشرے سے ہے، جب پاکستان کو تين فرانسيسی آبدوزوں کی فروخت کے سودے ميں بڑے بھاری کميشن طے ہوئے تھے اور فرانس نے مبینہ طور پر پاکستانی حکام کو لاکھوں کی رقم رشوت کے طور پر ادا کی تھی۔ بتايا جاتا ہے کہ ان رقوم کا ايک حصہ غير قانونی صورت ميں فرانس واپس پہنچا تھا۔
سنسنی خيز بات يہ ہے کہ يہ کہا جاتا ہے کہ اس پيسے کو ايوڈارد بالادور کی صدارتی انتخاباتی مہم ميں استعمال کيا گيا تھا، جس ميں وہ ژاک شيراک سے ہار گئے تھے۔ سارکوزی اُس زمانے ميں بالادور کے ترجمان، اُن کے بجٹ کے وزير اور قريب ترين ساتھيوں ميں شامل تھے۔ اُن پر الزام ہے کہ اُنہوں نے پاکستان سے لائی جانے والی غير قانونی رقوم کے انتظام ميں حصہ ليا تھا۔ بتايا جاتا ہے کہ شيراک نے صدر منتخب ہونے کے بعد پاکستان کو بھيجی جانے والی رقوم کا سلسلہ بند کرديا تھا۔
پچھلے سال ’کراچی اسکينڈل‘ ايک بار پھر ابھر کر سامنے آگيا۔ تحقيقاتی جج تريويديس کا خيال ہے کہ کراچی ميں سن 2002ء ميں 11فرانسيسيوں کے قتل کی وجہ يہی اسکينڈل تھا۔ کيونکہ صدر شيراک نے 1996ء ميں ان رقوم کی ادائيگی روک دی تھی، اس لئے جج کا خيال ہے کہ يہ واردات رقوم بند ہوجانے کے خلاف انتقامی کارروائی ہو سکتی ہے۔ کراچی ميں قتل کئے گئے فرانسيسی انجینئروں کے لواحقين اس نظريے کے حامی ہيں اور وہ سابق صدر شيراک کو عدالت ميں لانا چاہتے ہيں۔
صدرسارکوزی نے حال ہی ميں اس معاملے ميں اُن کے ملوث ہونے کے بارے ميں صحافيوں کے سوالات پر سخت غصہ ظاہر کرتے ہوئے ان صحافيوں کے لئے بہت نازيبا قسم کے الفاظ استعمال کئے، جس پر فرانسيسی پريس ميں اُن پر سخت تنقيد کی جارہی ہے۔
رپورٹ: شہاب احمد صدیقی
ادارت: عاطف بلوچ