کراچی میں انٹرنیشنل ریسلنگ
پاکستان میں پہلی بار پرو ریسلنگ انٹرٹینمنٹ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کا آغاز 17 مئی کی شب کراچی میں ہونے والے نمائشی مقابلوں سے ہوا۔
دنیا بھر سے 19 ریسلرز
کراچی میں بدھ 17 مئی کی شب ہونے والے پرو ریسلنگ مقابلوں میں دنیا بھر سے 19ریسلرز نے رِنگ میں اپنے داؤ پیچ آزمائے۔
خواتین ریسلرز بھی شریک
ان ریسلنگ مقابلوں کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ پاکستان آنے والے ان بین الاقوامی پہلوانوں میں چار خواتین ریسلرز بھی شامل ہیں، جن کے درمیان کراچی میں دلچسپ مقابلہ ہوا۔
پہلوانوں کا شاندار استقبال
نمائشی مقابلوں سے قبل تمام ریسلرز کا شاندار استقبال کیا گیا اور رنگ میں ایکشن سے قبل آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق چیمپیئنز
پاکستان آنے والے پروفیشنل پہلوانوں میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق بین البراعظمی چیمپیئنز کارلیٹو اور ویڈ بیرٹ قابل ذکر ہیں۔کارلیٹو نے دو ہزار چار میں امریکی چیمپئن شپ کے اپنے پہلے ہی مقابلے میں جان سینا کو شکست دی تھی۔
بادشاہ پہلوان خان، پاکستانی نژاد فرانسیسی ریسلر بھی شریک
کراچی میں ہونے والے ان مقابلوں میں شریک قابل ذکر ناموں میں ٹائینی آئرن اور پاکستانی نژاد فرانسیسی بادشاہ پہلوان خان کا بھی نام شامل ہے۔
الجزائر کے پہلوان یاسین عثمانی کامیاب
افتتاحی مقابلے میں الجزائر سے تعلق رکھنے والے ریسلر یاسین عثمانی نے اٹلی کے فیبیو فیراری کو چت کردیا ، جبکہ اگلی فائٹ میں ایڈم فیلکس نے کامیابی حاصل کی۔
کراچی اسپورٹس کمپلیکس میں خصوصی رِنگ کی تیاری
کراچی میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں ان مقابلوں کا انعقاد ہوا جس کے لیے ٹینس کورٹ پر تین فٹ اُونچا اور بیس بائی بیس کا رِنگ بنایا گیا۔
ٹائنی آئرن پاکستانی شائقین کے پسندیدہ پہلوان
پاکستانی شائقین کی جانب سے برطانوی ریسلر ٹائنی آئرن کے انداز کو سب سے زیادہ پزیرائی ملی ۔ انہوں نے ایک ساتھ دو پہلوانوں کو پچھاڑ کر مقابلہ اپنے نام کیا۔
پانچ ہزار سے زائد تماشائی
پاکستان میں پہلی بار ریسلنگ کے اس سطح کے ہونے والے مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد نے دلچسپی دکھائی اور تقریباً چھ ہزار تماشائی ایرینا میں ریسلنگ کے ان مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے۔
پہلوانوں کی طرف سے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی تعریف
مقابلے سے قبل ہونے والی ایک تقریب میں تمام غیر ملکی ریسلرز نے پاکستان میں اس قسم کے ایونٹ کے انعقاد کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان میں ریسلنگ کے شائقین کو ان مقابلوں کے ذریعے بھرپور تفریح فراہم کریں گے۔
کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں مقابلے
پرو ریسلنگ کا دوسرا مرحلہ 19 مئی کو لاہور میں جبکہ تیسرا اور آخری مرحلہ 21 مئی کو اسلام آباد میں ہوگا۔