1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں تھیٹر کا بین الاقوامی میلہ

عنبرین فاطمہ، کراچی12 مارچ 2015

کراچی میں چوتھے انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے۔گیارہ سے اکتیس مارچ تک جاری رہنے والے اس میلے میں پاکستان کے علاوہ بھارت، جرمنی، برطانیہ اور امریکا کے تھیٹر گروپ اپنے ڈرامے پیش کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1Ep5f
Karachi International Theater Festival
تصویر: Unbreen Fatima

یہ سالانہ میلہ نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے۔ سول سوسائٹی کی جانب سے 'آئی ایم کراچی‘ کے عنوان سے جاری تحریک کے اشتراک سے ناپا کا یہ فیسٹول بیس روز تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب گیارہ مارچ کو منعقد ہوئی، جس میں ناپا کے گریجوٹس طالب علموں نے مختلف کھیل پیش کیے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ ملکی اور بین الاقوامی پرفارمنس گروپس کی جانب سے ڈراموں کی باقاعدہ پرفارمنس کا آغاز بارہ مارچ سے جاری ہے۔ پہلے روز انگلینڈ سے آیا ہوا گریگوری تھامپسن تھیٹر گروپ اپنا ڈرامہ پیش کرے گا۔

ناپا انتظامیہ کے مطابق فیسٹیول میں مجموعی طور پر دس ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں۔ اس فیسٹیول کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں نہ صرف اردو زبان میں ڈرامے پیش کیے جارہے ہیں بلکہ انگریزی، پنجابی، راجستانی، گجراتی اور ہندی زبان میں پرفارمنس سے بھی تھیٹر شائقین لطف اندوز ہو سکیں گے۔

Karachi International Theater Festival
تصویر: Unbreen Fatima

ناپا کے آرٹسٹک ڈائریکٹر زین احمد کے مطابق اس برس انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول میں بھارت سے تین تھیٹر گروپ شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں 'اجاگر ڈراماٹک ایسوسی ایشن‘، 'بینگ ایسوسی ایشن' اور 'مہیش بھٹ پروڈکشنز‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انگلینڈ سے 'گریگوری تھامپسن‘، جرمنی سے 'بری جل گوجکا ‘اور امریکا سے ' کتریس پروڈکشن تھیٹر گروپ‘ پرفارم کریں گے۔ پاکستان سے ناپا کی گریجویٹنگ کلاس، لاہور سے'آزاد تھیٹر‘ اور 'اجوکا تھیئٹر‘ جبکہ کراچی سے 'تحریک نسواں‘ گروپ اپنے ڈرامے پیش کریں گے۔

زین احمد کے مطابق اس برس ناپا کی جانب سے عالمی تھیٹر گروپس کے باہمی اشتراک سے ڈرامے پیش کرنے پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ناپا کے طالبعلم نہ صرف دہلی کے نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے ساتھ پرفارم کریں گے بلکہ راجستان کے تھیٹر گروپ کے ساتھ بھی ڈرامہ پیش کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ناپا کے طالبعلم 16 اور 17 مارچ کو جرمنی کے تھیٹر گروپ کے رقص پر مشتمل پرفارمنس میں بھی شامل ہیں۔

Karachi International Theater Festival
تصویر: Unbreen Fatima

ڈائریکٹر ناپا ارشد محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ برس منعقد ہونے والے فیسٹیول میں بھارت کے مشہور اداکار نصیرالدین شاہ کا تھیٹر پلے 'عصمت آپا کے نام‘ کو بے انتہا مقبولیت ملی تھی۔ اس بار امید ہے کہ 30 اور31 مارچ کو بالی ووڈ کے معروف فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ کی فلم ”ڈیڈی“ کا پیش کیا جانے والا ڈرامہ بھی اسی طرح کی مقبولیت حاصل کرے گا۔ اس کھیل کو پیش کرنے کے لیے ڈائریکٹر مہیش بھٹ کی آمد کو بھی تھیٹر فیسٹیول کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

'ڈیڈی ' کے علاوہ جو ڈرامے پیش کئے جا رہے ہیں ان میں 'کانسٹی لیشنز‘،' کسومل سپنو‘،'امونگ فوگ‘،' انکھیاں‘،' میوزیم آف اسپائسزان ڈینجر‘ ،' درہ‘،' می، مائی موم اینڈ سرمیلا‘،'بہروپیا‘ اور’تم کون‘ شامل ہیں۔

عالمی تھیٹر فیسٹیول پیش کیے جانے والے تمام شوز کا آغاز رات آٹھ بجے ہو گا۔ فیسٹیول کے ایک شو کی ٹکٹ کی قیمت چار سو روپے ہے جبکہ طالبعلموں کے لئے یہی ٹکٹ دو سو روپے میں دستیاب ہے۔ تاہم مہیش بھٹ کی پروڈکشن 'ڈیڈی‘ کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے رکھی گئی ہے۔