1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی کی راتیں اب بھی جاگتی ہیں

27 جنوری 2010

کہتے ہیں کراچی کبھی سوتا نہیں تھا۔ اہالیانِ کراچی زندہ دلانِ لاہور کی طرح اپنی ہی طرح کا ایک مزاج رکھتے تھے کہ راتوں کو جاگتے تھے اور کراچی کی راتیں اپنی جگہ ایک الگ ہی دُنیا تھیں، لیکن اب یہ کسی گزرے زمانے کا قصہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/Lhkt
کراچی: 2009ء کا فیشن وِیکتصویر: picture alliance / landov

اب یہ سب اس دَور کی باتیں ہیں، جس کو کراچی کے باسی اب بڑی حسرت سے یاد کرتے ہیں۔ اب بہت عرصے سے کراچی کی راتیں سونی ہوتی ہیں۔ وہ ٹھیے، جہاں رات گئے تک نوجوان چائے پی کر خوش گپیاں کرتے تھے، شہر میں دہشت گردی کے کئی موسموں کے بعد ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔

دہشت گردی کے حالیہ واقعات نے اس خوف کو ایک نئی جہت بخشی ہے۔ اب کراچی میں خوف اور لسانی بنیادوں پر تقسیم دیکھی جا سکتی ہے۔ اب شہری رات کے وقت ڈر اور خوف کے سائے میں باہر نکلتے ہیں۔

زمزمہ بلےوارڈ کو اس معاملے میں کراچی کی اشرافیہ میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ متمول طبقے کے لوگ یہاں کے کافی ہاؤسز اور شیشہ بارز میں رات گئے تک بیٹھے کھاتے پیتے اور عربی حقّوں کے کش بھرتے نظر آتے ہیں۔

Unruhen in Pakistan
آئے روز کے دہشت پسندانہ واقعات کے باوجود کراچی کی زندگی معمول کے مطابق جاری و ساری رہتی ہے۔تصویر: AP

جب نوجوان گروہ در گروہ یہاں بیٹھتے ہیں تو ایک ایسا منفرد ماحول پیدا ہو جاتا ہے کہ انسان یہ طے نہیں کر پاتا کہ وہ کراچی میں بیٹھا ہے یا شاید پیرس یا نیو یارک کے کسی کافی بار میں۔ ایسا ماحول تخلیق کرنے میں جہاں ان قہوے خانوں کا ہاتھ ہے، وہیں یہاں آنے والوں کا بھی ایک اہم کردار ہے۔

یہ ریستوراں اپنی طرف سے مشروبات کے طور پر صرف کافی یا پھرمختلف انواع کے پھلوں کے رس پیش کرتے ہیں۔ مزید ماکولات آپ اپنے ساتھ خود لا سکتے ہیں۔ آپ وہسکی، واڈکا، وائن یا بیئر میں سے جو کچھ پینا چاہیں، پی سکتے ہیں۔ آپ کے پینے پر کوئی پابندی نہیں، جب تک کہ آپ دوسرے مہمانوں کیلئے باعثِ تکلیف نہ ہوں۔

ایک زمانہ تھا کہ کراچی کی راتوں میں شراب خانوں اور رقص گاہوں کو ہی مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں تو کراچی کے پیسے والے لوگ صرف اسی ایک طرزِ زندگی سے واقف تھے یعنی یا تو وہ اس کے حامی تھے یا مخالف۔

70ء کی دہائی میں اس شہر کا بازار حسن نیپیئر روڈ بھی ایک نہایت پُررونق علاقہ تھا، جہاں سیاستدان اور اشرفیہ طبقے کے افراد ناچ گانا دیکھنے آتے تھے لیکن 80ء کی دہائی میں فوجی حکمران جنرل ضیاء الحق کے دور میں ناچ گانے پر عائد نام نہاد پابندیوں کی وجہ سے یہ بازار ویران ہو گئے۔ ناچ گانے کے پیشے سے وابستہ خاندان ملک کے جدید اور پوش علاقوں میں منتقل ہو گئے اور اب یہی ناچ گانے کی محفلیں اور ڈانس پارٹیاں اس شہر کی نائٹ لائف کا اہم حصہ ہیں۔

Verkehr in Pakistan
شہر کی سڑکوں پر بھاگتی دوڑتی زندگیتصویر: picture-alliance/ dpa

کراچی کی مصروف زندگی میں ہر جگہ طبقاتی فرق نمایاں ہے۔ امیروں کی نائٹ لائف کا انداز غریبوں کی سیر و تفریح سے مختلف ہے۔ غریبوں کے پاس رات کی تفریح میں جو چیزیں شامل ہیں، اُنہیں امراء انتہائی معیوب سمجھتے ہیں۔ اُن کی زندگی میں وہ سب کچھ ہے، جس سے وہ اپنے آپ کو کسی بھی مغربی معاشرے میں رہتا ہوا محسوس کر سکتے ہیں۔

شہر میں بعض بااثر شخصیات ایسی بھی ہیں، جن کے گھروں کے ڈانسنگ فلورز اور بارز خاص شہرت رکھتے ہیں اور ان محفلوں میں سیاستدان، وڈیرے، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور کاروباری حضرات ویک اینڈ پر شریک ہوتے ہیں۔ راتوں کو سجنے والی محفلوں کو دیکھ کر یہ گمان کرنا مشکل ہے کہ شہر میں کہیں بد امنی بھی ہے یا مذہبی انتہا پسند گروپ بھی کہیں موجود ہیں اور اُن سے کوئی خطرہ ہے۔

Pakistan Karachi Fashion Week
کراچی فیشن ویک کا ایک اور منظر: شہر کے خوشحال طبقے کی مصروفیات تمام تر پُر تشدد واقعات کے باوجود جاری رہتی ہیںتصویر: picture alliance / landov

ماضی میں کراچی کے کچھ کلبوں میں کھیلا جانے والا جوا اب ظاہری طور پر کسی اہم اور بڑے مقام پر نہیں کھیلا جاتا۔ مگر آ پ کی جیب میں پیسہ ہے تو پھر ڈر کس کا۔ قانون نافذ کرنے والے خود آپ کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔ عثمان احمد کرچی میں بازارِ حصص سے متعلق ایک ادارے میں ملازمت کرتے ہیں۔ وہ اور ان کے دوست کہتے ہیں کہ کراچی کی شامیں رنگین ہی ہوتی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی شہر کے مخیر طبقے کی جانب سے تقریباً ہر رات ہی کسی نہ کسی پارٹی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اِس طرح کی پارٹیوں کا ماحول مغربی دُنیا کے کسی نائٹ کلب کے برابر نہ سہی لیکن اس سے کہیں کم بھی نہیں ہوتا۔

دہشت گردی کے واقعات کا اس شہر کی بھاگتی دوڑتی زندگی پرکوئی اثر نہیں پڑتا۔ کہیں کوئی دھماکہ ہو جائے، کوئی خودکش حملہ آور اپنے ساتھ بیسیوں مزید انسانوں کی جان لے لے یا پھر مختلف گروپوں اور جماعتوں کے کارکن ٹارگٹ کلنگ کی بھینٹ چڑھ جائیں، اِس شہر کی زندگی اپنی مخصوص رفتار کے ساتھ چلتی رہتی ہے۔ ایک بار بھارتی گلوکارکمار سانو کراچی میں ایک میوزیکل کنسرٹ میں شریک تھے، تو مرینہ کلب کے باہر ایک دھماکہ ہو گیا۔ اس کے باوجود وہ کنسرٹ نہ صرف جاری رہا بلکہ اس کے بعد بھی کراچی کی نائٹ لائف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

Fußballfans in Kreuzberg
کراچی کے ریستورانوں میں حقہ (شیشہ) اب ایک معمول ہے اور نوجوانوں میں مقبول۔تصویر: DW

25 سالہ فرح یوسف کا کہنا ہے کہ وہ ریستورانوں میں عموماً اپنے دوستوں کے ہمراہ آتی ہیں اور حالات کیسے بھی ہوں، ریستورانوں کی رونق پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

کراچی کے پوش علاقے میں واقع ایک ریستوراں کے مالک محمد کاشف کا کہنا ہے کہ سال 2009ء میں محرم الحرام کے دوران ہونے والے دھماکے کے باوجود ان کے کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ وہ کہتے ہیں کہ نوجوان ان ریستورانوں میں سماجی رابطوں اور ذہنی سکون کے لئے آتے ہیں اور اپنے من پسند مشروبات پیتے ہیں۔ اسی ریستوراں میں موجود 18 سالہ نوجوان احمد نے اِس سوال کے جواب میں کہ وہ ان ریستورانوں میں آ کر کیسا محسوس کرتے ہیں، حقے کا ایک لمبا سا کش لینے کے بعد کہا کہ وہ دوستوں کے درمیان اچھے ماحول میں بیٹھ کر ذہنی سکون حاصل کرتا ہے۔

کراچی کو ایک مدت سے ایک صنعتی شہر کی حیثیت حاصل ہے اور اِس وجہ سے اِس شہر کے رَت جگے محض طبقہء اشرافیہ تک محدود نہیں ہوا کرتے۔ کراچی کا کم آمدنی والا طبقہ بھی نائٹ لائف انجوائے کرنا چاہتا ہے مگر اس مہنگائی کے دور میں اکثر نوجوان 25 سے 50 روپے میں ویک اینڈ پر پان سپاری اور مضر صحت گٹکا خرید کر ڈبو کھیلتے ہیں، رمی کلبز کا رخ کرتے ہیں یا پھر محلوں میں قائم منی سیمنا گھروں میں بیٹھ کر رات بھر فلمیں دیکھ کر اپنے طور پر ذہنی سکون حاصل کرتے ہیں۔

باکڑہ ہوٹل، برنس روڈ، کیفے پیالہ، پٹیل پاڑہ، سولجر بازار اور نہاری کی دوکانیں کراچی کے متوسط طبقہ کی توجہ کا خاص مرکز ہیں۔ لگتا یہ ہے کہ کھانے پینے کی یہ جگہیں اب تفریح گاہوں میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ ماضی کے دریچوں میں اگر جھانکا جائے تو 80ء سے 90ء کی دہائی تک مختلف مقامات پر ایرانی قہوہ خانے دکھائی دیتے تھے، جن کی جگہ اب پشتو بولنے والوں کے چائے کے ہوٹلز دکھائی دیتے ہیں۔

کراچی میں موسم گرما کی نائٹ لائف بڑی ہی عجیب ہوتی ہے۔ تب لوگ لوڈ شیڈنگ سے بے حال ہونے کے بعد اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ ساحل سمندر کا رخ کرتے ہیں یا پھر اپنے گھروں کے قریب کسی بڑی شاہراہ کے کنارے لگے گھاس کے تختوں پر بیٹھ کر مخملیں فرش کا مزہ محسوس کرنے کے بعد رات گئے گھروں کو لوٹتے ہیں۔ بعض مقامات پر لوگ 15 سے 30 روپے خرچ کر کے اپنے سر، ہاتھوں اور پیروں کی مالش کرواتے ہیں۔

کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر فٹ پاتھ کے کنارے مالش کے لئے کسی گاہگ کے انتظار میں بیٹھے ممتاز نے بتایا کہ اُس کی نائٹ لائف دو وقت کی روٹی کے لئے ہوتی ہے۔ وہ رات کو اپنے بچوں کی روزی کمانے کے لئے بیٹھتا ہے اور زیادہ سے زیادہ 200 روپے کما لیتا ہے، عیاشی یا نائٹ لائف سے اِس کا کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔

کراچی کے مشرقی علاقے سپر ہائی وے کی زندگی بھی بڑی عجیب ہے، جہاں دو دہائی قبل لوگوں کی زبان پر اکثر یہ جملے ہوتے تھے کہ ہائی وے پر کھانا کھانے جا رہے ہیں لیکن کراچی میں سیاسی اور لسانی تقسیم کے بعد یہ سلسلہ بھی دم توڑتا جا رہا ہے اور ہر علاقے کی نائٹ لائف تبدیل ہو چکی ہے۔ غریب علاقوں میں خوف اور دہشت کے سائے واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں جبکہ پوش علاقوں میں تفریح اور نائٹ لائف کی رونقیں کراچی کی 65 فیصد غریب آبادی کا منہ چڑاتی دکھائی دیتی ہیں۔

یہی تضاد اس شہر کا حسن بھی ہے اور مزاج بھی

رپورٹ: رفعت سعید، کراچی

ادارت: امجد علی