1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی کی صورتحال، پاکستانی فوج بھی پریشان

9 اگست 2011

پاکستانی فوج کے کور کمانڈرز کی میٹنگ میں کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ کراچی میں فسادات اور پرتشدد کاررائیاں رواں برس اب تک 800 افراد کو نگل چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12DDl
تصویر: DW

راولپنڈی میں واقع پاکستانی فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈرز کی میٹنگ کے بعد فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے:’’ فورم نے کراچی میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال اور اس کے ملکی معیشت پر اثرات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔‘‘

پاکستان کے بندرگاہی شہر اور اقتصادی شہہ رگ کہلانے والے کراچی میں فسادات اور لاقانونیت کے باعث عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ ان فسادات اور پر تشدد کاررائیوں کا الزام کراچی کی لسانی اور علاقائی سیاسی جماعتوں پر عائد کیا جاتا ہے، جو پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے اس سب سے بڑے شہر میں طاقت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس کے علاوہ ان حالات کی ذمہ داری لینڈ مافیا اور بھتہ مافیا پر بھی عائد کی جاتی ہے۔

رواں برس جنوری سے اب تک 800 افراد کراچی میں لاقانونیت کا شکار ہوچکے ہیں
رواں برس جنوری سے اب تک 800 افراد کراچی میں لاقانونیت کا شکار ہوچکے ہیںتصویر: dapd

انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس جنوری سے اب تک 800 افراد کراچی میں لاقانونیت کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 300 کے قریب صرف جولائی میں ہلاک ہوئے۔

پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کراچی میں میڈیا کو بتایا کہ حکومت نے کراچی میں موجود غیر قانونی اسلحے کے ذخائر کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک کے مطابق رواں ماہ یعنی اگست کے اختتام پر کمپیوٹر لائسنسوں کے علاوہ اسلحے کے تمام لائسنس معطل کردیے جائیں گے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا: ’’ اس وقت بعض افراد نے غیر قانونی طور پر ایک لائسنس پر کئی کئی سو ہتھیار رکھے ہوئے ہیں، تاہم یہ لائسنس اس ماہ کے آخر تک ختم ہوجائیں گے۔‘‘

وزیر داخلہ کا دعویٰ تھا کہ ستمبر سے غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا: ’’ ایسے لوگوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا جا سکتا ہے اور انہیں سات سے 14 برس تک کی قید ہو سکتی ہے۔‘‘ رحمان ملک کے مطابق اس حکومتی فیصلے کے سبب کراچی میں مستقل امن قائم ہوگا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں