کرسمس کے رنگ جرمنی میں
وائیمار میں خوشیوں کے رنگ
مشرقی جرمن صوبے تھیورنگیا کے شہر وائیمار میں پہلا کرسمس بازار سن 1815 میں لگا تھا۔ اِس روایت کو اِس برس بھی ایک بڑے اور شاندار کرمس ٹری کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
اُلم میں کرسمس کی تیاریاں
اُلم شہر میں دُنیا کے سب سے بڑے کلیسائی مینار کے بالکل سامنے کرسمس سے پہلے کے اِن چار ہفتوں میں ایک نیا شہر آباد ہو جاتا ہے۔ دَس میٹر قطر کا ایک بڑے خیمے میں لوگ قالین پر بیٹھ کر گاؤ تکیوں سے ٹکا کر دیو مالائی کہانیاں سن سکتے ہیں۔
برلن میں کرسمس کی تیاریاں
جرمن دارالحکومت برلن میں مختلف مقامات پر 60 کرسمس بازار لگائے گئے ہیں۔ ’جانڈارمن مارکیٹ‘ کے مقام پر لگے کرسمس بازار میں خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ دہشت گردی کے خوف سے تمام کرسمس بازاروں میں خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
جنوبی جرمن شہر نیورمبرگ کی شاندار کرسمس مارکیٹ میں 185 سٹالز پر کیک، کرسمس کا آرائشی سامان اور کھلونے موجود ہیں اور جسے دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے دو ملین سے زیادہ شائقین متوقع ہیں۔
اوسنا بروک میں کرسمس
اوسنا بروک کے تاریخی مرکزی حصے میں لگنے والا کرسمس بازار متعدد مرتبہ شمالی جرمنی کا سب سے خوبصورت کرسمس بازار منتخب ہو چکا ہے۔ یہاں کرسمس کے چندے کے لئے دُنیا کا سب سے بڑا ٹِن رکھا گیا ہے، جو کرسمس کے خصوصی گیتوں کی دھن پر دن میں کئی مرتبہ گھومتا ہے۔
کرسمس اور کولون ڈوم
کولون کے رونکالی چوک میں 22 نومبر ہی سے خوب رونق ہے۔ یہاں اسٹیج پر موسیقی کے پروگراموں کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ اسٹالز پر کھانے پینے کی بے شمار چیزیں اور دستکاری کے نمونے بھی موجود ہیں۔
کرسمس کے موقع پر ہیمبرگ میں ہلچل
شمالی جرمن شہر ہیمبرگ میں مجموعی طور پر بارہ مختلف مقامات پر کرسمس بازار لگائے گئے ہیں، جہاں پہنچ کر لوگ خود کو ایک افسانوی ماحول میں گھرا ہوا محسوس کرتے ہیں۔
قدیمی شہر مشیل شٹٹ میں کرسمس مارکیٹ
مشیل شٹٹ کے قدیم تاریخی حصے میں جا کر یوں لگتا ہے کہ گویا وقت رُک گیا ہو۔ یہاں تنگ گلیوں میں چھوٹے چھوٹے اسٹالز پر کرسمس کے موقع کے لئے خصوصی تحفے تحائف خریدے جا سکتے ہیں۔
بیلے فیلڈ
بیلے فیلڈ کے کرسمس بازار میں قدیم اور جدید کا خوبصورت امتزاج ملتا ہے۔ شہر کے وسطی حصے کے کرسمس بازار میں پورے ایک مہینے تک خوب رونق رہتی ہے، جسے لوگ دور دور سے دیکھنے کے لئے جاتے ہیں۔