کرسٹیانو رونالڈو کی آخری یورپی چیمپئن شپ
2 جولائی 2024پرتگال کے سپر اسٹار، دنیا کے مشہور ترین فٹ بالرز میں سے ایک کرسٹیانو رونالڈو کا یہ اعلان دنیا بھر میں ان کے لاکھوں کروڑوں مداحوں کے لیے افسوس کا باعث بنا کہ وہ اس بار جرمنی میں کھیلی جانے والی فٹ بال یورپی چیمپئن شپ کے بعد اس ایونٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔
39 سالہ پرتگالی فٹ بالر رونالڈو یورپی چیمپئن شپ 2024 ء میں ریکارڈ چھٹی بار نا صرف کھیل رہے ہیں بلکہ اپنے ملک کو کوارٹر فائنل تک پہنچانے میں بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ رونالڈو پانچ مرتبہ دنیا کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔
پرتگال کی فُٹ بال ٹیم یورپی چیمپئن شپ 2024 ء کے کوارٹر فائنل میں جمعہ کو جرمنی کے بندرگاہی شہر ہیمبرگ کے اسٹیڈیم میں فرانس کی فُٹ بال ٹیم کے مقابلے میں میدان میں اُترے گی۔ دوسری جانب فرانس کے مایہ ناز فارورڈ کھلاڑی Kylian Mbappé اپنی ٹیم کی طرف سے رونالڈو اور ان کی ٹیم کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھے جا رہے ہیں۔
رونالڈو نے پیر کو جرمن شہر فرینکفرٹ میں سلووینیا کے خلاف کھیلے گئے انتہائی سنسنی خیز میچ میں پرتگال کی پینلٹی شوٹ آؤٹ فتح کے بعد ایک پرتگالی پبلک براڈکاسٹر RTP سے بات کرتے ہوئے کہا، ''یہ بلا شبہ، میری آخری یورپی چیمپئن شپ ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''لیکن میں اس کے بارے میں جذباتی نہیں، مجھ پر فٹ بال کے بہت گہرے اثرات ہیں، اس کھیل اور میرے لیے میرے مداحوں، میرے حامیوں اور میرے گھر والوں کے جوش و خروش اور ان کے پیار سے بہت متاثر ہوں۔‘‘
رونالڈو، جو فٹ بال کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والوں فٹ بالروں میں سے ایک ہیں اور یورپی چیمپئن شپ میں 14 گول کا ریکارڈ بنا چُکے ہیں، کا کہنا تھا کہ ان کی سب سے بڑی دلچسپی اور خواہش ''لوگوں کو خوش کرنا‘‘ ہے۔
پیر یکم جولائی کو سلووینیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ایک پینلٹی شاٹ مس کرنے کے بعد ان کے آنسو جاری تھے اور کافی دیر تک وہ انتہائی صدمے اور دُکھ میں ڈوبے رہے۔ پرتگال اور سلووینیا کے مابین کھیلے گئے اس میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں پینلٹی شوٹس پر ہی ہوا جس میں پرتگال نے جیت حاصل کر لی۔ رونالڈو نے اپنے بیان میں کہا،'' یہ معاملہ ایک دو پوائنٹس اوپر نیچے حاصل کرنے کا نہیں، نہ ہی فٹ بال کی دنیا کو چھوڑنے کے بارے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا،''اب میرے پاس کرنے اور جیتنے کے لیے کیا باقی ہے؟‘‘
ک م/ ر ب (اے پی ای)