1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کرنل کی بیوی‘، پاکستانی سوشل میڈیا پر

21 مئی 2020

پاکستانی سوشل میڈیا پر اس وقت مبینہ طور پر ایک فوجی کرنل کی بیوی سے متعلقہ ایک ویڈیو وائرس ہے، جس میں یہ خاتون سکیورٹی اہلکاروں سے بدتمیزی کر رہی ہیں اور انہیں برا بھلا کہہ رہیں ہیں۔

https://p.dw.com/p/3cZes
Pakistan Sicherheitskräfte Polizei
تصویر: Getty Images/AFP/A. Hassan

پاکستان میں اس وقت پیش ٹیگ ''کرنل کی بیوی‘‘ ٹرینڈ کر رہا ہے، جس کی وجہ وہ وائرس ویڈیو ہے، جس میں ایک خاتون خود کو ایک فوجی کرنل کی بیوی بتاتے ہوئے، مقامی پولیس کی جانب سے ایک سڑک پر لگائی ہوئی رکاوٹیں ہٹاتی اور ان پولیس اہلکاروں کو برا بھلا کہہ رہی ہے۔

اس ویڈیو کے بعد پاکستان میں ایک بار پھر یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا فوجی اہلکار اور ان کے اہل خانہ ملکی قانون سے ماورا ہیں۔ یہ ویڈیو ممکنہ طور پر ایک پولیس اہلکار نے بنائی۔ ماضی میں بھی ایسی متعدد ویڈیوز سامنے آتی رہی ہیں جن میں فوجی اہلکار پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کو گالیاں دیتے اور ان سے بدتمیزی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔

اس واقعے کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نہ صرف اس واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے بلکہ مطالبات بھی کیے جا رہے ہیں کہ اس خاتون کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سوشل میڈیا صارف عثمان سکندر کہتے ہیں، ''اس خاتون کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونا چاہیے۔ فوجی سربراہ کو باقاعدہ بیان جاری کر کے اس معاملے کی وضاحت کرنا چاہیے کہ اس خاتون کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔ کرنل کی بیوی ہو یا کوئی بھی، ہم یہ رویہ برداشت نہیں کریں گے۔‘‘

سوشل میڈیا صارف خاتون کی گاڑی کو روکنے اور شدید بدتمیزی کے باوجود گاڑی کو روکنے کی بھرپور کوشش کرنے والے پولیس اہلکار کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں، ''اس پولیس افسر کے لیے بے حد احترام جس نے اس دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا اور اپنی ڈیوٹی کو پورے فخر اور اعتماد سے انجام دیا۔‘‘

اس واقعے پر پاکستانی فوج کی جانب سے براہ راست کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم بعض صحافیوں کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہ قمر جاوید باجوہ نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ ٹی وی اینکر اجمل جامی اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھتے ہیں، ''اس واقعے کا متعلقہ حکام نے نوٹس لے لیا ہے۔ دیکھیے کیا ہوتا ہے۔‘‘

ایک اور صحافی مونا خان نے ذرائع کا نام ظاہر کیے بغیر کہا، ''آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوشل میڈیا پر ہزارہ موٹر وے پر ایک کرنل کی اہلیہ کی وائرل ہونےوالی ویڈیو کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ کرنل صاحب کے خلاف سخت ترین ڈسپلنری ایکشن فوری طور پر شروع۔ اس ایکشن سے ثابت ہو گیا پاک فوج میں کرپشن اور اکڑ کی کسی کو کوئی اجازت نہیں ہے۔‘‘

اس واقعے کے بعد ماضی میں پیش آنے والے ایسے ہی واقعات کی ویڈیوز بھی دوبارہ پوسٹ کی جا رہی ہیں، جن میں فوجی پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرتے نظر آتے ہیں۔