1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت پاکستان کو ہرا کر فائنل میں

30 مارچ 2011

کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم روایتی حریف پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ بھارت کے 260 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 231 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ فائنل میں بھارتی ٹیم کا سامنا سری لنکا سے ہو گا۔

https://p.dw.com/p/10k4w
تصویر: UNI

بھارتی شہر موہالی میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس میچ میں شائقین کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ میچ دیکھنے کے لیے شائقین کئی گھنٹے قبل ہی موہالی کے گراؤنڈ میں پہنچ گئے تھے۔

بھارت کی طرف سے سچن تندولکر نے سب سے زیادہ 85 رنز بنائے اور وہ سعید اجمل کی گیند پر پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی طرف سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی وریندر سہواگ تھے، جنہوں نے 38 رنز بنائے۔ گوتم گھمبیر 27، ویرات کوہلی 9 جبکہ یوراج سنگھ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے 25 رنز بنائے۔ سریش رائنا نے 36 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ ہربھجن سنگھ نے 12، ظہیر خان نے 9 جبکہ اشیش نہرا نے آؤٹ ہوئے بغیر محض ایک رن بنایا۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ کامیاب بالر وہاب ریاض رہے اور انہوں نے 10 اوورز میں 46 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ سعید اجمل نے دو بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جبکہ محمد حفیظ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ پاکستانی کپتان شاہد خان آفریدی، جو رواں ورلڈ کپ کے دوران سب سے زیادہ 21 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، اس میچ میں کسی بھی کھلاڑی کو شکار کرنے میں ناکام رہے۔

Mahendra Singh Dhoni Shahid Afridi Flash-Galerie
پاکستانی کپتان شاہد خان آفریدی اور بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونیتصویر: DW/dpa

پاکستان کی اننگز میں پہلی وکٹ کامران اکمل کی گری جو 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد 70 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ آؤٹ ہوئے، جن کا ذاتی اسکور 43 رہا۔ اسد شفیق نے 30، یونس خان نے 13، عمر اکمل نے 29 اور کپتان شاہد آفریدی نے 19 رنز اسکور کیے۔

شروع میں رنز اسکور کرنے کی کم رفتار کی وجہ سے آخر میں پاکستان کے لیے مطلوبہ رن ریٹ بہت زیادہ ہو گیا تھا۔ 47 ویں اوور کے اختتام پر پاکستان کا سکور نو وکٹوں کے نقصان پر 2010 رنز تھا اور اسے صرف تین اوورز میں 51 رنز بنانا تھے جبکہ اس کی صرف ایک وکٹ باقی رہ گئی تھی۔ تب سعید اجمل ایک رن پر اور مصباح الحق 40 رنز پر کھیل رہے تھے۔

آخری تین اوورز میں مصباح الحق نے پاکستان کو جتوانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ بھی 50 ویں اوور کی پانچویں گیند ظہیر خان کے آخری اوور میں کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 56 رنز بنائے۔ سعید اجمل ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آخری اوور میں پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 30 رنز کی ضرورت تھی مگر اس اوور کی پانچ گیندوں پر ایک بھی رن نہ بن سکا اور بھارت نے یہ میچ 29 رنز سے جیت لیا۔

بھارت کی اننگز میں85 رنز بنانے والے سچن تندولکر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بھارت کی طرف سے ظہیر خان، اشیش نہرا، مناف پاٹل، ہربھجن سنگھ اور یوراج سنگھ نے دو دو پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Bhutan - Yousuf Raza Gilani und Manmohan Singh
اس میچ کو دیکھنے کے لیے پاکستانی وزیر اعظم گیلانی اپنے بھارتی ہم منصب سنگھ کی دعوت پر موہالی گئےتصویر: AP

پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم بھی میچ دیکھنے کے لیےگراؤنڈ میں موجود تھے۔ پاکستانی وزیر اعظم گیلانی نے امید کا اظہار کیا ہے کہ اس میچ کی وجہ سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو سیمی فائنل دیکھنے کے لیے مدعو کیا تھا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے سلسلے میں موہالی کے اس میچ کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گئی تھی۔ اس میچ کی فضا کو گرمانے میں پاک بھارت ذرائع ابلاغ نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ دو روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے گئے اس میچ کو ایک ارب سے زائد افراد نے براہ راست دیکھا۔

موجودہ ورلڈ کپ کا فائنل ممبئی میں ہفتہ دو اپریل کو کھیلا جائے گا جس میں بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا، جس نے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرا دیا تھا۔

رپورٹ: عصمت جبیں / افسر اعوان

ادارت: عدنان اسحاق / سائرہ شیخ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں