کرکٹ ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کی پارٹنرز کے ’رنگ‘
11 فروری 2011کرکٹرز کی پارٹنرز اپنا مقابلہ فٹ بال کے کھیل کی اپنی ’ہم منصب‘ خواتین سے تو نہیں کر سکتیں، لیکن اس کھیل میں وجودِ زن اور اس کے رنگوں کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔
اسی تناظر میں 2007ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کے موقع پر آئی سی سی یعنی انٹرنیشنل کرکٹ کیوٹی ٹرافی کا اہتمام کیا گیا تھا، اور یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ کی سابقہ گرل فرینڈ سپرماڈل منکی وان ڈیئر ویسٹ ہوئیزن کو دیا گیا تھا۔
اس مرتبہ اس ٹرافی کے لیے ایک اہم امیدوار انگلینڈ کے فاسٹ بولر سٹیورٹ بروڈ کی گرل فرینڈ کیسی بارن فیلڈ بھی ہیں۔
اس حوالے سے بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی اہلیہ ساکشی گزشتہ برس اپنی شادی کے بعد سے ہی ’اِن‘ ہیں۔ انہوں نے تو دورہء سری لنکا کے موقع پر پوری ٹیم کے لیے کھانا بھی پکایا تھا، جس میں ہوٹل مینیجمنٹ کی طالبہ ہونا ان کے کام آیا تھا۔ یہی نہیں، انہوں نے دھونی کی جانب سے سینچری اسکور کرنے پر غریبوں میں کمبل بھی بانٹے تھے۔
لبرٹی اسٹار سنگر جیسیکا ٹیلر بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ وہ اپنے شوہر کیون پیٹرسن کا حوصلہ بڑھانے کے لیے کھیل کے وقت موجود ہوتی ہیں۔ انہوں نے پیٹرسن کے ساتھ دوروں میں شریک رہنے کے لیے اپنی گلوکاری کا سلسلہ روک رکھا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ اپنے بیٹے کی پرورش پر بھی دھیان دے رہی ہیں، جس کی پیدائش گزشتہ برس مئی میں ہوئی تھی۔
تاہم پیٹرسن گزشتہ برس آسٹریلیا میں ہونے والی ایشز ٹیسٹ سیریز کے موقع پر تنہا پڑ گئے تھے۔ اس وقت انگلینڈ کے کرکٹ کوچ اینڈی فلاور نے کھلاڑیوں پر پابندی عائد کر دی تھی کہ وہ اپنی بیویوں یا گرل فرینڈز کو دوروں کے موقع پر ساتھ نہیں رکھ پائیں گے۔
جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے بھی اپنے کھلاڑیوں پر ایسی ہی پابندی عائد کر رکھی ہے، تاہم ورلڈ کپ کے دوران کرکٹرز کو اپنی پارٹنرز سے ملنے کی اجازت دی جائے گی۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: مقبول ملک