’کسی نے نیا پاکستان دیکھنا ہے تو ملتان آ جائے‘
24 جنوری 2017پاکستان مسلم لیگ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے مختلف ویڈیو اور تصاویر شیئر کی ہیں۔ اس اکاؤنٹ پر جاری کی گئی معلومات کے مطابق وزیر اعظم نے ملتان میں میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا:’’ہم ملتان کے عوام کو خوبصورت میٹرو کا تحفہ دینے آئے ہیں۔‘‘ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ وہ ملتان میں ترقی کا راستہ روکنے کے لیے نہیں آئے اور نہ ہی سیاست اور دھرنا کرنے آئے ہیں۔
توقع ہے کہ اس بس سروس سے خواتین کے ساتھ ساتھ تاجر، مزدور اور طلبہ بھی مستفید ہوں گے۔ ابتدائی طور پر اس سروس کا آغاز 35 بسوں سے کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ’میٹروبس ان ساؤتھ پنجاب‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ ایک طرف مسلم لیگ ن کی حکومت اور میٹرو بس منصوبے کے حامی افراد اس کے حق میں تبصرے کر رہے ہیں تو دوسری جانب اس منصوبے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا:’’اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، پارکوں، ہسپتالوں اور روزگار کے مواقع کے بارے میں کون سوچ رہا ہے ؟‘‘
ایک صارف نے ہیش ٹیگ میٹرو بس استعمال کرتے ہوئے ملتان میں ایک علاقے میں کوڑے کے ڈھیر کی تصویر کو شیئر کیا۔
ٹوئٹر پر ندا احمد نامی ایک صارف نے لکھا:’’میرے لیے میٹرو بس بے کار ہے، پہلے غرباء کی بنیادی ضروریات پوری ہونی چاہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے تقریب کے دوران یہ بھی کہا کہ اگر کسی نے نیا پاکستان دیکھنا ہے توملتان آ جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی اور آئندہ سال ملک میں زیرو لوڈ شیڈنگ ہو گی۔