1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنکارڈ کی تباہی: فرانس میں مقدمے کی سماعت شروع

2 فروری 2010

فرانس میں سپر سونک کنکارڈ طیارے کی تباہی کے قریب دس سال بعد ملکی دارالحکومت پیرس کے نواح میں منگل سے اس حادثے کی وجوہات کے تعین کے لئے مقدمے کی باقاعدہ سماعت شروع ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/LplG
حادثے کے کچھ عرصے بعد کنکارڈ کی تجارتی پروازیں بند کر دی گئی تھیںتصویر: AP

اس حادثے میں 113 افراد ہلاک ہوئے تھے اور یہی المناک واقعہ کنکارڈ طیاروں کے کمرشل پرازوں کے لئے استعمال کے خاتمے کی وجہ بھی بنا تھا۔ پچیس جولائی سن 2000 کے روز اس پرواز کے لئے ایک جرمن جہازراں ادارے نے یہ کنکارڈ چارٹر کروایا تھا۔ سو مسافروں کو پیرس سے نیویارک پہنچایا جانا تھا، جہاں سے انہیں تفریحی بحری سفر کے لئے بحیرہ کیریبین کے علاقے تک جانا تھا۔

لیکن پرواز کے محض دو منٹ بعد ہی اس طیارے کو ایک المناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آواز کی رفتار سے بھی زیادہ تیزرفتاری سے پرواز کرنے والے اس طیارے میں سو ٹن سے بھی زیادہ ایندھن لدا ہوا تھا۔ آگ کے شعلوں میں لپٹا یہ کنکارڈ ایک ہوٹل کی عمارت پر گرا تھا اور چند ہی لمحوں میں 113 افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

اب دس سال بعد پیرس کے نواح میں Pontoise کی ایک عدالت یہ تعین کرے گی کہ اس حادثے کے حقیقی اسباب کیا تھے۔ اگلے چار ماہ تک اس مقدمے کی سماعت کے دوران حادثے میں ہلاک ہونے والوں کا تو زیادہ ذکر سننے میں نہیں آئے گا، کیونکہ ان میں سے اکثر کے لواحقین کی مالی تلافی حادثے کے دس ماہ بعد ہی کر دی گئی تھی۔ تب اس مقصد کے لئے ایئر فرانس اور کئی دیگر اداروں نے مشترکہ طور پر قریب 115 ملین یورو ادا کئے تھے۔

Air France Concord Absturz Flash-Galerie
دس سال قبل جائےحادثہ کی ایک تصویر میں کنکارڈ کے ملبے میں نظر آنے والا اس طیارےکا ایک انجنتصویر: AP

منگل کو شروع ہونے والے مقدمے میں زیادہ تر ان تکنیکی تفصیلات پر بحث کی جائے گی جو ممکنہ طور پر ایئر فرانس کے اس سپر سونک طیارے کے حادثے کی وجہ بنی تھیں۔ استغاثہ کے بقول اس حوالے سے اہم ترین ثبوت وہ چھوٹا سے دھاتی ٹکڑا ہے جو کنکارڈ کی پرواز سے قبل رن پر گرا پڑا تھا اور جو وہاں امریکی فضائی کمپنی کونٹینینٹل ایئر لائنز کے ایک طیارے سے ٹوٹ کر گرا تھا۔ اسی لئے اس مقدمے کے ملزمان میں کونٹینینٹل ایئرلائنز اور اس کے دو سابقہ ملازمین بھی شامل ہیں۔

کونٹینینٹل ایئرلائنز کے وکیل صفائی Olivier Metzner کو یقین ہے کہ وہ عدالت کو اپنے مؤقف کا قائل کر لیں گے۔ وہ کہتے ہیں: ’’کونٹینینٹل ایئر لائنز اس حادثے کی بالکل ذمہ دار نہیں ہے۔ لیکن یہ بھی درست ہے کہ اس حادثے کی ذمہ داری کسی غیر ملکی کمپنی کے سر ڈال دینا آسان ہے تاکہ بین الاقوامی ہوا بازی کی صنعت میں کنکارڈ کی بہت اچھی ساکھ بچائی جا سکے، جس پر فرانس کو ہمیشہ فخر رہا ہے۔‘‘

اس مقدمے میں کونٹینینٹل ایئر لائنز کو جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے اور اس کے دو سابقہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ پانچ پانچ سال تک قید کی سزا۔ استغاثہ کی طرف سے فرد جرم میں جن دیگر افراد کا ملزمان کے طور پر ذکر کیا گیا ہے، ان میں فرنچ ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک انجینئر کے علاوہ دو ایسے انجینئر بھی شامل ہیں جنہوں نے حادثے میں تباہ ہونے والا کنکارڈ تیار کیا تھا، مگر ایک سے زائد مرتبہ تقریبا حادثات کی حد تک تکنیکی خرابی کے باوجود اس کا کوئی سدباب نہیں کیا تھا۔

رپورٹ: ژوہانیس دُوخرَوف / مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق