1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: مکہ میں عمرے کا سلسلہ روک دیا گیا

4 مارچ 2020

سعودی عرب نے مکہ میں عمرے کا سلسلہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔ سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ حکم سعودی شہریوں اور سعودی عرب میں موجود غیر ملکیوں دونوں کے لیے ہے۔

https://p.dw.com/p/3Ys8O
Saudi-Arabien Hadsch in Mekka
تصویر: Reuters/Z. Bensemra

سعودی پریس ایجنسی PSA کے مطابق یہ فیصلہ سعودی حکومت کے ان احتیاطی اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

عمرہ کی ادائیگی پر عارضی طور پر پابندی، ریاض حکومت کے اس فیصلے کے ایک قریب ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے جس میں دیگر ممالک سے عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ 27 فروری کو جاری کیے جانے والے اُس حکم کے مطابق سعودی عرب میں موجود لوگوں کو تاہم عمرہ کرنے اور مسجد نبوی جانے کی اجازت تھی۔ اس اعلان کے بعد عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں پہلے ہی کافی کمی واقع ہو چکی تھی۔

ہر سال دنیا بھر سے کئی ملین مسلمان سعودی عرب کا سفر کرتے جس کا مقصد مکہ میں عمرہ اور مدینہ میں مسجد نبوی کی زیارت کرنا ہوتا ہے۔ خاص طور پر رمضان کے مہینے میں اس مقصد کے لیے سفر کرنے والوں کی تعداد کافی بڑھ جاتی ہے۔ اس کے علاوہ حج کے لیے بھی دنیا بھر سے کئی ملین افراد مکہ پہنچتے ہیں۔

دوسری طرف ایران کے بڑے شہروں میں بھی جمعے کی نماز کے اجتماعات منعقد نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایران میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 92 بتائی گئی ہے۔ تاہم ان خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ ایران میں اس بیماری کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی اصل تعداد سرکاری طور پر ظاہر کی جانے والی تعداد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

ا ب ا / ع ت (ڈی پی اے، اے پی)