1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس کا جرمنی میں پھیلاؤ، اسرائیل میں واضح کمی

21 فروری 2021

جرمنی میں کورونا انفیکشن کے نئے کیسز کی تعداد پھر سے بڑھتی جا رہی ہے۔ حکام نے کورونا وائرس کی تیسری لہر سے خبر دار کیا ہے۔ جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر سات ہزار چھ سو سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3pf8I
Deutschland Berlin | Angela Merkel, Bundeskanzlerin
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Kappeler

جرمنی میں موجودہ لاک ڈاؤن میں کسی حد تک نرمی کی منصوبہ بندی کے دوران نئے انفیکشن کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ متعدی امراض کے تحقیقی ادارے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر سات ہزار چھ سو چھہتر نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں یہ تعداد ڈیڑھ ہزار سے زائد بنتی ہے۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے سبب 145 مزید اموات بھی رپورٹ کی گئیں ہیں۔ اعداد و شمار جمع کرنے والے اداروں کا تاہم کہنا ہے کہ ویک اینڈ پر عموماً اموات اور کووڈ انیس پوزیٹیو کیسز کی تعداد کم ہی درج کی جاتی ہے اور کورونا ٹیسٹ بھی کم ہوتے ہیں۔

 ملک بھر میں ہر ایک لاکھ کی آبادی میں نئے کیسز کی سات روز کے اندر درج کی جانے والی شرح 57.7 فیصد سے بڑھ کر 60.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہ اضافہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر رونما ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمنی میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ کورونا کی تبدیل شدہ نئی قسم بن رہی ہے۔

کورونا اور جرمن معیشت: سات سال بعد برآمدات میں پہلی بار کمی

 

 

Tschechien Petrovice | Polizeikontrolle an der Grenze bei Einreise nach Deutschland
جرمنی سرحدیں بند کرنے پر مجبور ہے۔تصویر: Ondøej Hájek/CTK/picture alliance

 

اساتذہ اور ڈے کیئر ملازمین کی ویکسینیشن

 یہ اعداد و شمار ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب 16 جرمن ریاستوں میں سے 10 میں آئندہ پیر سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ جرمن وزیر صحت کہہ چُکے ہیں کہ ویکسینیشن کے لیے ڈے کیئر اور پرائمری اسکولوں کے اساتذہ اولین ترجیح ہوں گے۔ جرمن وزیر صحت ژینس اشپاہن اور متعدد وفاقی ریاستوں کے وزراء کی طرح  وفاقی وزیر تعلیم آنژا کارلیچیک نے بھی اس منصوبے کی حمایت کر دی ہے۔  ان کا اس بارے میں کہنا تھا، ''دونوں پیشہ ور گروپ ایسے کام انجام دیتے ہیں، جو ہمارے پورے معاشرے کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ اس لیے معاشرے میں ان کی اہمیت ویکسینیشن کی ترجیح  سے بھی ظاہر ہونی  چاہیے۔‘‘ ہفتے کے آغاز میں اصولی طور پر اس بارے میں فیصلہ متوقع ہے۔

سرحدی کنٹرول بڑھانے پر توجہ

جرمنی نے گزشتہ چند روز کے دوران اپنی سرحدیں بند کر دینے کا فیصلہ کیا، جس کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ برلن حکومت برطانیہ سے پھیلنے والے کورونا انفیکشن کی تبدیل شدہ شکل کو جرمن پہنچنے سے روکنا چاہتی تھی۔ ایک رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے آسٹریا کی ریاست ٹیرول اور چیک جمہوریہ سے قریب ساڑھے چار ہزار افراد کو جرمنی میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ یہ کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کے بغیر جرمنی میں داخل ہونا چاہتے تھے۔

کووڈ انیس کی وبا نے ایک سال میں جرمنی کو کیسے بدل کر رکھ دیا

 

 

Israel Coronavirus Impfung
اسرائیل کا کہنا ہے کہ بائیو اینڈ ٹیک / فائزر کی ویکسین وہاں بہت کامیاب رہی ہے۔تصویر: Jack Guez/AFP/Getty Images

 

 اسرائیل کی کامیابی

گزشتہ ہفتے اسرائیلی حکام کی طرف سے یہ خبر سنائی گئی کہ ان کے ملک میں بائیو اینڈ ٹیک / فائزر کی ویکسین اس سنگین بیماری کے خطرے کو 95.8 فیصد تک کم کرنے کا سبب بنی ہے۔ یہ  اعداد و شمار اسرائیلی وزارت صحت  نے شائع کیے ہیں۔ اس بارے میں مزید تفصیلات میں کہا گیا کہ 98 فیصد  کیسز میں یہ ویکسین بخار اور سانس لینے میں دشواریوں سے بچانے کا سبب بنی ہے۔ اس کے علاوہ اس ویکسینیشن کے بعد SARS-CoV-2  کے انفیکشن میں مبتلا ہونے والے مریضوں میں سے  98.9 فیصد کو نہ تو ہسپتال جانا پڑا اور نہ ہی ان کی موت واقع ہوئی۔ یہ اعداد و شمار ملک گیر سروے پر مبنی ہیں۔

یورپی یونین ہر ویکسین استعمال کرنے کے لیے تیار ہے، میرکل

 

اسرائیل، جس کی مجموعی آبادی تقریبا 9.3 ملین افراد پر مشتمل ہے، نے دنیا میں ویکسینیشن کی ایک انتہائی پرزور مہم چلائی ہے۔ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے توقع ظاہر کی ہے کہ پچاس سال سے زیادہ عمر کے 95 فیصد شہریوں کی دو ہفتوں کے اندر ویکسینیشن مکمل ہو جائے گی۔ اس مثبت نتائج کے پس منظر میں اسرائیل میں اس اتوار سے زیادہ تر دکانیں اور اسکول کھولے جا رہے ہیں۔

ک م/ اا/ (ڈی پی اے، روئٹرز)