1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا کے شدید بیمار فرانسیسی مریض جرمن ہسپتالوں میں منتقل

7 نومبر 2020

یورپی براعظم کو کورونا وائرس کی بہت شدید ہو جانے والی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ جرمنی کی طرح فرانس میں بھی اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3kzgV
تصویر: AFP/J.-F. Monier

فرانس میں جمعہ چھ نومبر کو کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔ فرانسیسی مریضوں کی بڑھتی تعداد کے تناظر میں ایک مرتبہ پھر جرمن ہسپتالوں نے تعاون کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے شدید علیل فرانسیسی مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں۔ فرانس میں کووڈ انیس کے شکار شہریوں کی مجموعی تعداد اب تک سولہ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

شدید بیمار فرانسیسی شہری

فرانس سے جرمنی ایسے مریض منتقل کیے جا رہے ہیں، جنہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے۔ جرمن ہسپتالوں میں منتقل کیے جانے والے ان مریضوں کا تعلق فرانسیسی سرحدی علاقے گراں ایسٹ (Grand Est) سے ہے۔

کورونا وائرس: جرمنی اور فرانس میں دوبارہ لاک ڈاؤن

اس علاقے سے مریضوں کو جرمن شہروں زاربرُوکن اور فوئلک لِنگن کے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے۔ جرمنی کی جنوب مغربی وفاقی ریاست زارلینڈ کے ہسپتالوں میں یہ مریض جمعرات اور جمعے کے روز لائے گئے۔

اس مناسبت سے فرانسیسی رکن پارلیمان کرسٹوف آریں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ آٹھ مریضوں کو جرمن ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ فرانسیسی علاقے گراں ایسٹ سے کورونا کے مریض پہلی مرتبہ جرمنی منتقل گئے ہیں۔ فرانس میں مختلف ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں کورونا وائرس کے انتہائی بیمار مریضوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کی دوسری لہر یورپ کو اپنی لپیٹ میں لیتے ہوئے

فرانس میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

فرانس کو اپنے ہاں کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر کے دوران متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کا سامنا ہے۔ جمعرات پانچ نومبر سے جمعہ چھ نومبر تک چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ساٹھ ہزار افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہوئی۔

Coronavirus Mülhausen Opfer in Särgen
تصویر: AFP/S. Bozon

فرانسیسی محکمہٴ صحت کے مطابق ایک دن میں اس وائرس کی لپیٹ میں آنے والے افراد کی یہ فرانس میں روزانہ بنیادوں پر سب سے بڑی تعداد تھی۔ حکام نے عام شہریوں کے لیے کورونا وائرس کے ٹیسٹوں کی سہولت بھی بڑھا دی ہے۔

مریضوں کی منتقلی

فرانس میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے سے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بہت بڑھ گیا ہے۔محکمہٴ صحت کے حکام شدید متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں سے کووڈ انیس کے مریضوں کو دوسرے شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کر رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں پر اضافی بوجھ کو کم کرنا ہے۔ اسی تناظر میں کئی مریض جرمنی منتقل کیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس: جرمنی میں نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ، پیرس میں کرفیونافذ

رواں برس موسم بہار میں کورونا وائرس کی وبا کی پہلی لہر کے دوران بھی ایک سو تیس فرانسیسی مریضوں کو جرمنی منتقل کیا گیا تھا۔ ان مریضوں کا جرمنی میں علاج اکیس مارچ سے بارہ اپریل کے دوران کیا گیا تھا۔ تب ان فرانسیسی مریضوں کو وفاقی جرمن ریاستوں باڈن ورٹمبرگ، رائن لینڈ پلاٹینیٹ، زار لینڈ اور سیکسنی نے اپنے ہاں قبول کیا تھا۔

کورونا سے ہونے والی ہلاکتیں

پانچ سے چھ نومبر تک کووڈ انیس کے مریض چار سو افراد نے فرانس کے مختلف ہسپتالوں میں دم توڑا اور اتنے ہی افراد بزرگ شہریوں کی طبی نگہداشت کے لیے قائم رہائش گاہوں میں انتقال کر گئے۔ ان آٹھ سو ہلاک شدگان کو ہلاکتوں کی روزانہ تعداد میں شمار نہیں کیا گیا۔

فرانس، برطانیہ میں ریکارڈ حد تک زیادہ نئے یومیہ کورونا کیسز

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے فرانس کی نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے ذرائع کے توسط سے بتایا ہے کورونا وائرس سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے کے عمل میں تکنیکی مسائل موجود ہیں اور اسی لیے مرنے والوں کی حتمی تعداد کا درست تعین مشکل ہے۔ اس حوالے سے یہ بھی کہا گیا کہ تکنیکی خرابی دور ہو جانے کے بعد جمعہ چھ نومبر کے روز نئے مریضوں کی تعداد ساٹھ ہزار سے کہیں زیادہ ہو جانے کا قوی امکان ہے۔

ع ح / م م (اے ایف پی، ڈی پی اے)