1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولمبو ٹیسٹ میں جارحانہ سہواگ کی شاندار اننگز

5 اگست 2010

بھارت نے وریندر سہواگ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا کے 425 رنز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر180 رنز بنائے ہیں۔ سہواگ اپنی اکیسویس ٹیسٹ سنچری سے محض تین رنز دور ہیں۔

https://p.dw.com/p/OcGY
جارحانہ بیٹسمین وریندر سہواگتصویر: AP

سری لنکا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے۔ ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سہواگ 97 جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں سنچریوں کے عالمی ریکارڈ ہولڈر سچن تندولکر40 رنز کے ساتھ ناٹ آوٴٹ ہیں۔

سری لنکا نے تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز کے پہلے میچ میں دس وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔ کولمبو میں تیسرا ٹیسٹ جیتنے کی صورت میں سری لنکا کے پاس ایک اچھا موقع ہے کہ وہ عالمی درجہء بندی کے اعتبار سے نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم بھارت کے خلاف سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لے۔ تاہم بھارت یہ میچ جیت کر نہ صرف ٹیسٹ سیریز برابر بلکہ اپنا کھویا ہوا وقار بھی بحال کر سکتا ہے۔

کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 425 رنز بنائے، جن میں مڈل آرڈر بیٹسمین سَمرا ویرا کے ناٹ آوٴٹ 137، کپتان کمار سنگا کارا کے 75، مہیلا جے وردھنے کے 56 اور آل راوٴنڈر انجیلو میتھوز کے 45 رنز شامل تھے۔

Indischer Cricketspieler Sachin Tendulkar
عالمی ریکارڈ ہولڈر سچن تندولکر40 رنز کے ساتھ ناٹ آوٴٹ ہیںتصویر: AP

بھارت کی طرف سے بائیں ہاتھ کے سپن گیند باز پراگیان اوجھا نے چار جبکہ میڈیم پیسر ایشانت شرما نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کے دورے کے دوران اب تک بھارت کی بولنگ انتہائی بے اثر ثابت ہوئی ہے۔

گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 520 رنز جبکہ کولمبو کے ’سنہالیس سپورٹس کلب‘ گراوٴنڈ پر 642 رنز سکور کئے تھے۔

بھارت نے پہلے میچ میں شکست کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین یوراج سنگھ اور اوپنر گوتم گمبھیرکو جبکہ دوسرا میچ برابری پر ختم ہونے کے بعد آف سپنر ہر بھجن سنگھ کو بھی آرام دینا ہی مناسب سمجھا۔ گمبھیر کی جگہ اوپنر مُرلی وجے، یوراج کے بدلے سریش رینا جبکہ ہر بھجن سنگھ کی جگہ لیگ سپنر امیت مشرا کو کھیلنے کا موقع دیا گیا۔ سریش رینا نے اپنے پہلے ہی موقع کا فائدہ اٹھا کر کولمبو ’ایس ایس سی‘ میدان پر ٹیسٹ کیریئر کے پہلے ہی میچ میں سنچری سکور کی۔

گال میں سری لنکن فاسٹ بولر ملنگا جبکہ کولمبو ایس ایس سی میں لنکن کپتان سنگا کارا ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے تھے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید