کولون: سلفی اسلام کے خلاف مظاہرہ پر تشدد صورت اختيار کر گيا
27 اکتوبر 2014جرمنی کے مغربی شہر کولون کی پوليس کے ايک ترجمان نے بتايا کہ دائيں بازو سے تعلق رکھنے والوں اور پوليس کے مابين تصادم کے نتيجے ميں تيرہ پوليس اہلکار زخمی ہو گئے، جن ميں سے ايک کی حالت نازک ہے۔ اس دوران پوليس نے کم از کم چھ افراد کو حراست ميں لے ليا ہے جبکہ ترجمان آندرے فاسبينڈر کے بقول واقعے کی ويڈيو کے جائزے کے بعد مزيد افراد کو حراست ميں ليا جا سکتا ہے۔
پوليس نے مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے لاٹھی چارج کے علاوہ پانی کی تيز دھار اور مرچوں والے اسپرے بھی استعمال کيے۔ اطلاعات ہيں کہ مظاہرہ کرنے والا ايک شخص بھی زخمی ہوا ہے۔ احتجاجی مظاہرين نے پوليس کی ايک گاڑی کو بھی الٹ ديا تھا۔
نيوز ايجنسی اے ايف پی کی دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق قريب ڈھائی ہزار انتہائی دائيں بازو سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے مداحوں نے ’ہوليگنز اگينسٹ سلافسٹس‘ کے بينر تلے يہ مظاہرہ کيا۔ ’ہوليگن‘ کا لفظ کسی ايسے شخص کے ليے استعمال کيا جاتا ہے، جو گرم مزاج ہو اور جس کا رويہ ايسا ہو کہ جيسے وہ لڑائی جھگڑے کے ليے تيار ہو۔ عام طور پر اس لفظ کو فٹ بال کے کافی گرم جوش اور جارحانہ مداحوں کے ليے استعمال کيا جاتا ہے۔
جرمن نيوز ايجنسی ڈی پی اے اور ٹوئٹر پر چند عينی شاہدين کے پيغامات کے مطابق کشيدگی اس وقت بڑھی جب انتہائی دائيں بازو سے تعلق رکھنے والے ’غير ملکی باہر‘ کے نعرے مسلسل لگاتے رہے۔ يہ امر اہم ہے کہ نيوز ايجنسی ايسوسی ايٹڈ پريس کے مطابق اس مظاہرے کی منتظم جرمنی کی انتہائی دائيں بازو کی جماعت ’نيو نازی‘ کے گروپوں نے فٹ بال کے ’ہوليگن‘ گروپوں کے ہمراہ کيا تھا۔
اتوار کے روز اس مظاہرے کی مخالفت ميں بائيں بازو سے تعلق رکھنے والے اور فاشسٹ مخالف خيالات کے حامل قريب پانچ سو افراد نے بھی مظاہرہ کيا۔