1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کومانووو معاہدے کے دس سال مکمل

10 جون 2009

آج یوگوسلاویہ کی طرف سے کوسووو میں حملے روکنے کے لئے کئے جانے والے معاہدے کی توثیق کو آج دس سال مکمل ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/I750
یوگوسلاویہ کی فوجوں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ 11 دنوں کے اندر اندر کوسووو سے نکل جائیںتصویر: AP

کومانووو Kumanovo نامی اس معاہدے پر9 جون 1999 کو دستخط کئے گئے، جس میں باقی ماندہ یوگوسلاویہ کی فوجوں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ 11 دنوں کے اندر اندر کوسووو سے نکل جائیں۔

9 جون کو ہونے والےاس معاہدے کی دس جون 1999 کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کے ذریعے توثیق کردی گئی تھی۔ جس سے کوسووو کے بحران زدہ علاقے میں نیٹو کی بین الاقوامی افواج کی تعینانی کو قانونی حیشیت حاصل ہوگئی تھی۔

کوسووو کی آزادی کے لئے مسلح جدوجہد کرنے والی تنظیم کوسووو لبریشن آرمی کی طرف سے 1998 میں دیہی علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے بعد باقی ماندہ یوگوسلاویہ کی طرف سے کوسوو میں سخت فوجی کارروائی کا آغاز کردیا گیا تھا۔ فوجی کارروائیوں کی وجہ سے 1998 کے آخر تک کوسووو کے تین لاکھ سے زائد البانوی نژاد باشندے بے گھر ہوئے۔ کوسووو میں پیدا ہونے والے اس بحران کے حل کے لئے بین الاقوامی برادری کی جانب سے متعدد کوششیں کی گئیں مگر یوگوسلاویہ کی فوج کی کوسووو کےالبانوی النسل باشندوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائیاں جاری رہیں۔ اس پر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر مارچ میں کوسووو میں سرگرم سرب افواج کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کردیے۔

78 دنوں تک جاری رہنے والے یہ حملے دراصل 9 جون کو ہونے والے کومانووو معاہدے کی وجہ بنے۔ اس دوران سرب افواج کے حملوں کے سبب کوسووو کے آٹھ لاکھ سے زائد البانوی نسل کے شہریوں کو ہمسایہ ممالک البانیہ، مقدونیہ ، اور مونٹی نیگرو میں پناہ لینا پڑی۔ سرب فوجوں نے اس دوران ہزاروں گھروں اور عبادت گاہوں کو تباہ کردیا جبکہ بڑی تعداد میں قتل وغارت اورخواتین کی بے حرمتی اور جنسی زیادتیوں کے واقعات بھی پیش آئے۔

اس معاہدے کی اقوام متحدہ کی طرف سے توثیق کے بعد کوسووو میں قیام امن اور حفاظت کے لئے نیٹو نے اپنی افواج تعینات کیں۔ کوسووو میں تعینات کی جانے والی 15 ہزار افراد پر مشتمل بین الاقوامی امن فورس میں دو ہزار پانچ سو جرمن فوجی بھی شامل تھے جو دس سال بعد آج بھی کوسووو میں امن کے قیام کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

رپورٹ افسر اعوان

ادارت مقبول ملک