1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرد تنظیم کو اسلحےکی فراہمی کا امریکی منصوبہ قبول نہیں، ترکی

صائمہ حیدر
10 مئی 2017

ترکی نے امریکا کی جانب سے کرد ملیشیا ’وائی پی جی‘ کو اسلحے کی فراہمی کے منصوبے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔  ترک حکومت نے توقع  ظاہر کی ہے کہ امریکا اس غلطی کا ازالہ کرے گا۔

https://p.dw.com/p/2ck4i
Syrien YPG in Rakka
وائی پی جی شام میں اسلامک اسٹیٹ سے لڑنے والے بین الاقومی اتحاد میں شامل ہےتصویر: picture-alliance/dpa/S. Suna

واشنگٹن حکومت نے منگل نو مئی کو ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا شام میں اسلامک اسٹیٹ سے برسرپیکار کرد جنگجوؤں کو اسلحہ اور فوجی سازوسامان فراہم کرے گا۔ ترک نائب وزیر اعظم نے ترک ٹی وی ’اے ہابر‘  سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’وائی پی جی کو اسلحے کی فراہمی ناقابلِ قبول ہے۔ ایسی پالیسی کسی کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو گی۔‘‘

 ترک حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا اس غلطی کو درست کرے گا۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق وائی پی جی کو مہیا کیا جانے والا ہر ایک ہتھیار ترکی کے لیے خطرہ ہے۔ انقرہ حکومت ’وائی پی جی‘ نامی کرد ملیشیا تنظیم کو کالعدم تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کا ایک مسلح بازو قرار دیتی ہے جبکہ امریکا وائی پی جی کو شام میں جنگجوؤں کے خلاف اپنا بہترین اتحادی تصور کرتا ہے۔

انقرہ حکومت کا موقف ہے کہ وائی پی جی ترکی میں درجنوں افراد کی ہلاکت کا باعث بننے والے حملوں میں ملوث رہی ہے اور دراصل ترک ریاست کے خلاف تین دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے سے برسرِپیکار کالعدم کردستان ورکرز پارٹی پی کے کے کی شامی شاخ ہے۔ امریکا پی کے کے کو تو ایک دہشت گرد گروپ قرار دیتا ہے تاہم وہ وائی پی جی کے معاملے میں ترکی کا ہمنوا بننے سے کترا رہا ہے۔

Syrien Türkei YPG Kämpfer und türkische Panzer Symbolbild
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Depo Photos/M. Corban

 پینٹاگون کے مطابق وہ ترکی کے خدشات سے بخوبی آگاہ ہے، جنہیں جلد دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وائی پی جی شام میں اسلامک اسٹیٹ سے لڑنے والے بین الاقومی اتحاد میں شامل ہے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ملکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام کے علاقے الرقہ میں جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف شامی افواج کے شانہ بشانہ لڑنے والی کرد ملیشیا تنظیم کو  عسکری سازوسامان سے لیس کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ فتح کو یقینی بنایا جا سکے۔

امریکا کی جانب سے کرد ملیشیا کو اسلحے کی فراہمی کا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئندہ ہفتے ہی ترک صدر رجب طیب ایردوآن واشنگٹن کا دورہ کرنے والے ہیں۔