1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستبرطانیہ

کیئر اسٹارمر وزیر اعظم بن گئے، ’برطانیہ کی تعمیر نو‘ کا عہد

5 جولائی 2024

برطانوی عام انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے والی لیبر پارٹی کے سربراہ اور نئے وزیر اعظم نامزد کیے گئے کیئر اسٹارمر نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کی خوشحالی کے لیے فوری اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4hw70
نئے وزیر اعظم نامزد کیے گئے کیئر اسٹارمر نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کی خوشحالی کے لیے فوری اقدامات کا وعدہ کیا ہے
نئے وزیر اعظم نامزد کیے گئے کیئر اسٹارمر نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کی خوشحالی کے لیے فوری اقدامات کا وعدہ کیا ہےتصویر: Phil Noble/REUTERS

لیبر پارٹی نے اپنے رہنما کیئر اسٹارمر کی قیادت میں جمعرات کے روز ہوئے قومی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے، جس کے ساتھ ہی رشی سوناک کی کنزرویٹیو پارٹی کی 14 سالہ حکمرانی کا خاتمہ بھی ہو گیا ہے۔

اسٹارمر نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی طرف سے دی گئی نئی ملکی حکومت تشکیل دینے کی دعوت قبول کرنے کے بعد دس ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا، ''تبدیلی کا کام فوری طور پر شروع ہو چکا ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''لیکن اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہم برطانیہ کو دوبارہ تعمیر کریں گے۔‘‘

61 سالہ سیاست دان اور انسانی حقوق کے سابق وکیل اسٹارمر نے رشی سوناک کو خراج تحسین پیش کیا، جنہیں اکتوبر 2022 میں لز ٹرس کے ''تباہ کن دور‘‘ کے بعد برطانوی وزیر اعظم منتخب کیا گیا تھا۔

جب اسٹارمر اور ان کی اہلیہ بکنگھم پیلس سے ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے تو قطار میں کھڑے لیبر پارٹی کے حامیوں نے برطانوی پرچم لہراتے ہوئے ان کا استقبال کیا
جب اسٹارمر اور ان کی اہلیہ بکنگھم پیلس سے ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے تو قطار میں کھڑے لیبر پارٹی کے حامیوں نے برطانوی پرچم لہراتے ہوئے ان کا استقبال کیاتصویر: Kevin Coombs/REUTERS

جب اسٹارمر اور ان کی اہلیہ بکنگھم پیلس سے ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے تو قطار میں کھڑے لیبر پارٹی کے حامیوں نے برطانوی پرچم لہراتے ہوئے ان کا استقبال کیا جبکہ انہوں نے متعدد کارکنوں سے مصافحہ بھی کیا۔ نئے نامزد کردہ وزیر اعظم اسٹارمر کو ایک مشکل  وقت میں اقتدار  ملا ہے۔ برطانوی عوام بہت زیادہ قیمتوں اور سیاستدانوں کے خالی وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں۔

کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ان کی حکومت ''ملک کو پہلے اور پارٹی کو دوسرے‘‘ نمبر پر  رکھے گی۔ انہوں نے عوام کا ''سیاست پر اعتماد بحال‘‘ کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

لیبر پارٹی کو تاریخی جیت دلوانے والے کیئر سٹامر کون ہیں؟

تاہم انہوں نے ملک میں فوری تبدیلی کی  بہت زیادہ توقعات کو ختم کرنے کی کوشش بھی کی۔ ان کا کہنا تھا، ''ملک کو بدلنا ایک سوئچ دبانے جیسا معاملہ نہیں ہے۔‘‘

اسٹارمر کا مزید کہنا تھا، ''دنیا اب ایک زیادہ غیر مستحکم جگہ ہے۔ اس میں کچھ وقت لگے گا لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ تبدیلی کا کام فوراً شروع ہو چکا ہے۔‘‘

اسٹارمر کی جیت پر عالمی رہنماؤں کی طرف سے مبارکباد

برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کے بہت بھاری جیت کے بعد عالمی رہنماؤں نے کیئر اسٹارمر کو مبارکباد دی پیش کی ہے۔ آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا، ''برطانیہ کے انتخابات میں ایک جامع فتح پر مبارکباد! میں آپ کے ساتھ قریبی پڑوسیوں اور دوستوں کے طور پر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ آئرلینڈ اور برطانیہ کے مابین تعلقات گہرے اور نتیجہ خیز ہیں۔ میں ان کے مضبوط سے مضبوط تر ہونے کا منتظر ہوں۔‘‘

آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اسٹارمر کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا، ''دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں،لیکن سر کیئر اسٹارمر، انجیلا رینر اور بہت سے دوسرے، جن سے میں برطانوی لیبر پارٹی میں بہت واقف ہوں، میں ان کے ساتھ کام کرنے کا شدت سے منتظر ہوں۔ کئی مسائل پر ان کے خیالات ہم سے بہت ملتے جلتے ہیں۔‘‘

کینیڈا کے سربراہ حکومت جسٹن ٹروڈو نے بھی اسٹارمر کو ''تاریخی جیت‘‘ پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا، ''ہمیں بحر اوقیانوس کے آر پار کے لوگوں کے لیے ایک زیادہ ترقی پسندانہ اور منصفانہ مستقبل تشکیل دینے کے لیے بہت سے کام کرنا ہیں۔ آئیے میرے دوست! اس منزل تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘

ا ا / م م (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)