1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا دنیا کے امراء ماحولیاتی تباہ کاریوں کے ذمہ دار ہیں؟

3 جنوری 2023

حال ہی میں ٹیلر سوئفٹ اور کم کارڈیشین جیسے کئی فلمی ستاروں نے اپنے نجی طیاروں پر پروازیں کیں اور فاصلہ اتنا کم تھا کہ اسے گاڑی کے ذریعے بھی آسانی سے طے کیا جا سکتا تھا۔

https://p.dw.com/p/4Lh0g
2022 Billboard Music Awards | Kylie Jenner und Travis Scott
تصویر: Jordan Strauss/Invision/AP/picture alliance

ان کے اس سفر سے اُس سے کہیں زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ فضا میں خارج ہوئی، جتنی کسی غریب ملک کے باشندے کے باعث پورے ایک سال میں ہوتی ہے۔ عوام میں غم و غصہ اس وقت عروج پر پہنچ گیا، جب میک اپ کوئین کائیلی جینر نے اپنے بوائے فرینڈ ٹریوس اسکاٹ کے ساتھ اپنی ایک تصویر شائع کی، جس میں دو نجی طیارے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس پوسٹ پر انہوں نے کیپشن لکھا، ''تم اپنے جیٹ پر سفر کرنا پسند کرو گے یا میرے جہاز پر؟‘‘

ایٹنگ ڈس آرڈر کیمپینر کارا لیسٹیے نے ایک ٹویٹ میں لکھا، ''یورپ میں آگ لگی ہوئی ہے اور کائیلی جینر پندرہ منٹ کا فاصلہ بھی اپنے جیٹ پر طے کرتی ہیں۔‘‘ ان کی یہ ٹویٹ ان کئی ٹوئٹس میں سے ایک تھی، جو کائیلی کی اس پوسٹ کے خلاف کی گئی تھیں۔ انہوں نے لکھا، ''میں ہر چیز کو ری سائیکل کر سکتی ہوں، سیکنڈ ہینڈ کپڑے خرید سکتی ہوں لیکن اس سب کے باوجود بھی اس جیٹ کی پرواز کے کاربن فٹ پرنٹس کو ختم نہیں کر سکوں گی‘‘۔

جینر کی اس انسٹاگرام پوسٹ سے ترقی یافتہ ممالک کی نوجوان نسل میں ناراضی کے احساسات جنم لے رہے ہیں، جو اپنے کاربن فٹ پرنٹس کو کم کرنے کے لیے پہلے ہی دباؤ کا شکار ہیں۔ اس ایک پوسٹ نے دنیا میں سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے کا باعث بننے والے لوگوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے خوفزدہ ان نسلوں کے درمیان خلاء کو واضح کیا ہے، جو اس نا انصافی پر ناراض ہیں اور اپنے طرز زندگی کے غیر پائیدار طریقوں کو ترک کرنے سے گریزاں ہیں۔

Bilder des Jahres 2022 | Klimaaktivisten Blockade Flughafen Amsterdam
حال ہی میں ٹیلر سوئفٹ اور کم کارڈیشین جیسے کئی فلمی ستاروں نے اپنے نجی طیاروں پر پروازیں کیں اور فاصلہ اتنا کم تھا کہ اسے گاڑی کے ذریعے بھی آسانی سے طے کیا جا سکتا تھا۔تصویر: REMKO DE WAAL/ANP/AFP

ایک چوبیس سالہ نوجوان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ''یہی وجہ ہے کہ میں نے بھی تحفظ ماحول کی اپنی تمام تر کوششیں ترک کر دی ہیں‘‘۔

 فلائٹ ڈیٹا کے مطابق کائیلی اور ان کے دوست سکاٹ نے دسمبر کے اوائل میں ایک ہی رات اپنے نجی طیاروں پر ایک ہی ایئر پورٹ تک کا سفر الگ الگ کیا اور وہ بھی صرف چند گھنٹوں کے فرق سے۔

اس سے بھی زیادہ پریشانی کی بات یہ ہے کہ یہ مشہور شخصیات اپنی پرتعیش طرز زندگی کے سبب، جتنی فضائی آلودگی کا باعث بن رہے ہیں، وہ اس کے عشر عشیر بھی نہیں، جتنی وہ سمندری آلودگی پھیلا رہے ہیں۔ لگژری کشتیاں، جیسے روسی اولیگارچ رومن ابرامووچ کی 162 میٹر لمبی کشتی، جس پر دو ہیلی پیڈ اور ایک سوئمنگ پول بھی موجود ہوتا ہے۔ یہ  لگژری کشتیاں بڑی عالیشان کوٹھیوں، ہوائی جہازوں اور لیموزین گاڑیوں کے مشترکہ طور پر سی او ٹو اخراج سے بھی زیادہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث ہیں۔

2021 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ابرامووچ کی کشتی نے 2018ء  میں جتنی ضرر رساں گیسوں کا اخراج کیا،  وہ 11 ہزار افراد پر مشتمل بحر الکاہل کے جزیرہ ملک تووالو سے کہیں زیادہ تھا۔

اس تحقیق کے ایک شامل محقق بیٹریز باروس کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔  انہوں نے کہا، ''کیونکہ جزیروں پر بسنے والی قوموں کو سمندر کی سطح میں اضافے جیسی ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتائج کا زیادہ خطرہ ہے‘‘۔

ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک میں کئی دہائیوں سے کاربن کے اخراج میں ایک بڑا فرق دیکھنے میں آیا ہے۔ دنیا میں ایک فیصد وہ لوگ، جو سب سے زیادہ پیسہ کماتے ہیں، جن کی سالانہ کمائی تقریباً ایک لاکھ چوبیس ہزار یورو کے آس پاس ہے، یہ وہ لوگ ہیں، جو پچھلے تیس سالوں میں کاربن آلودگی میں اضافے کے پانچویں حصے کے لیے ذمہ دار ہیں۔

Symbolbild | Sommerurlaub
2021 میں 'نیچر‘ نامی ایک جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق صارفین، سرمایہ کار، رول ماڈلز اور تنظیمی شرکاء موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔تصویر: Fokke Baarssen/Zoonar/picture alliance

چند ممکنہ حل یہ ہیں

محققین نے ان تمام مسائل کے حل پیش کیے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکسوں میں اضافے، قانونی کارروائیوں اور ٹیکس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن اس مسئلے کو ممکنہ طور پر کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔

لیکن اس طرح کی پالیسیوں کو، خصوصاﹰ ٹیکس بڑھائے جانے کی پالیسی کو اکثر شدید مخالفت کا سامنا رہتا ہے۔ سویڈن کی لنڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اسٹیفن گوسلنگ کے مطابق، ''امیر لوگوں کی طرز زندگی کو حیرت انگیز حمایت حاصل ہوتی ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی ثقافتوں میں پرورش پانے والے لوگ، جو امیروں کو آئیڈیلائز کرتے ہیں، اکثر اپنی زندگیوں کو محدود کرنے کی پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔

پالیسی ساز نجی جیٹ طیاروں پر پابندی لگا کر بھی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو روک سکتے ہیں۔ اس طرح کی پابندی سے پروازوں کی صرف ایک چھوٹی تعداد متاثر ہو گی لیکن ارب پتی لوگوں کو اس بات کی جانب راغب کرے گی کہ انہیں ماحول دوست ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ابتدائی سرمایہ کاری سے ہر ایک کے لیے ماحول دوست ہوائی سفر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

2021 میں 'نیچر‘ نامی ایک جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق صارفین، سرمایہ کار، رول ماڈلز اور تنظیمی شرکاء موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔  لوگ آئل کمپنیوں کو قرض دینے والے بینکوں سے اپنی رقم نکال لیں، مقامی کونسل کے اجلاسوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے مہم چلائیں یا اپنی کمپنی کی انتظامیہ پر کاروباری پروازوں کو ورچوئل میٹنگز میں بدلنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔

لیکن اس معاملے کا ایک اور رخ بھی ہے۔ دنیا کے امیر ترین افراد اور کمپنیوں میں سے کچھ نے فاسل فیول کے لیے خطرہ بننے والی پالیسیوں کے خلاف لابینگ میں پیسہ لگایا ہوا ہے۔ اسٹاک ہوم انوائرمنٹ انسٹی ٹیوٹ سے تعلق رکھنے والے نزاریت کہتے ہیں، ''ایک بڑا مسئلہ امیر ترین افراد کا اثرو رسوخ ہے۔ یہ افراد عطیات کے ذریعے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہیں اور اس طرح عام عوام کے طرز زندگی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔‘‘