1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا دھونی بھارتی فوج کی تشہیر کرنے جا رہے ہیں؟

28 جولائی 2019

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی جلد ہی بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں دو ہفتے تک علاقائی فوجی یونٹ میں بطور گارڈ گشت کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

https://p.dw.com/p/3Mr8l
Indien l  Cricketspieler Mahendra Singh Dhoni in Millitäruniform
تصویر: Getty Images/AFP/R. Bhat

حال ہی میں انگلینڈ اور ویلز میں کھیلے گئے عالمی کپ کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ ایم ایس دھونی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکتے ہیں۔ لیکن دھونی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین اگست سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے بورڈ کو اپنی عدم موجودگی کے حوالے سے آگاہ کر دیا۔ وہ اپنی چھٹیوں کے دوران اکتیس جولائی سے پندرہ اگست تک بھارتی زیر انتظام کشمیر میں فوجی وردی زیب تن کیے ہوئے گشت کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق دھونی بھارت کی علاقائی فوج کی بٹالین '106 پارا‘  میں شامل ہو کر پندرہ روز تک گشت، پوسٹ ڈیوٹی اور گارڈ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ایم ایس دھونی بھارتی فوج کے ساتھ کل دو ماہ تک کا عرصہ گزاریں گے۔

Indien l  Cricketspieler Mahendra Singh Dhoni in Millitäruniform
تصویر: Getty Images/AFP/S. Hussain

بھارت کے لیے سن 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان ماضی میں آگرا ٹریننگ کیمپ میں عسکری طیاروں سے پیراشوٹ جمپنگ کی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ دھونی کو لیفٹیننٹ کرنل کے اعزازی رینک سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

قبل ازیں پلوامہ حملے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نے رانچی شہر میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچ میں ہلاک زدہ فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فوجی ٹوپیاں بھی پہنی تھی۔ یاد رہے رواں برس چودہ فروری کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جموں سری نگر نیشنل ہائی وے پر بھارتی فوجیوں کے قافلے پر ایک خود کش کار بم حملے میں چالیس بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

گزشتہ ماہ کھیلے گئے عالمی کپ میں مہندرا سنگھ دھونی، اپنے 'وکٹ کیپنگ گلووز‘ پر ملٹری رجمنٹ کا ایک بیج لگانے کی وجہ سے بھی تنازعے کا شکار رہے تھے۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کھیل کے دوران کھلاڑیوں کو کسی طرح کا سیاسی پیغام دینے کی اجازت نہیں ہوتی۔

ع آ / ا ب ا (نیوز ایجنسیاں)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں