کیا عمران خان پاکستانی ٹرمپ ہیں ؟
16 اگست 2018اس شو میں نوح مختلف مثالیں دے کر یہ بتا رہے ہیں کہ کس طرح عمران خان اور ٹرمپ ایک جیسے ہیں۔ نوح نے ایک ویڈیو کلپ میں دکھایا کہ ماضی میں عمران خان کس طرح خواتین میں مشہور تھے۔ اس ویڈیو میں عمران خان کا انتہائی شاندار کمرہ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اس ویڈیو کو چلانے کے بعد نوح کہتے ہیں کہ یہ کمرہ ٹرمپ ٹاور جیسا ہے۔
نوح بتاتے ہیں کہ کس طرح امریکی صدر اپنے آپ کو ایک کامیاب شخص ٹہراتے ہیں اور فخر کرتے ہیں کہ بہت سے لوگ ان سے محبت کرتے ہیں۔ عمران خان کے ایسے ہی ایک بیان کی ویڈیو نوح بھی اپنے پروگرام میں دکھاتے ہیں۔ نامور کامیڈین نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ بھی تین شادیاں کر چکے ہیں اور عمران خان بھی۔
نوح آخر میں اپنے دیکھنے والوں کو بتاتے ہیں کہ اگر وہ ٹرمپ سے بچ کر پاکستان جانا چاہتے ہیں تو ایسا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیوں کہ وہاں بھی ایک ٹرمپ موجود ہے۔ اس شو کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے حامی افراد نے نوح کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔
ٹوئٹر کی ایک صارفہ سبین نے لکھا،’’ نوح یہ بتانا بھول گئے کہ عمران خان ملک میں سرطان کے علاج کے لیے ہسپتال تعمیر کراوا چکے ہیں۔‘‘
حاجرہ خان نے لکھا،'' نوح کی فین ہونے کے ناطے مجھے بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے۔ عمران خان کے بارے میں سب کچھ بغیر تحقیق کے پیش کیا گیا ہے۔ میں یہ سوچنے پر مجبور ہو گئی ہوں کہ اس شو میں تحقیق کیسے کی جاتی ہے ۔‘‘
صحافی حامد میر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،’’ ٹریور نوح نے عمران خان کی توہین کرنے کی کوشش کی ہے لیکن دراصل انہوں نے اپنے مقبول شو کے ذریعے پاکستان کے نئے وزیر اعظم کو دنیا بھر میں متعارف کرا دیا ہے۔‘‘
بختاور بھٹو زرداری نے بھی اس شو پر تبصرہ کیا اور اپنی ٹویٹ میں لکھا،’’عمران خان کی دہشت گردوں اور دہشت گردی کا دفاع کرنے کے بارے میں ٹرویور نوح اپنے شو میں بتانا بھول گئے۔‘‘