1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیوبا کی خوشبویات ’ یُو ڈی ریوولُوشن‘

عابد حسین25 ستمبر 2014

کیوبا کے قدرتی اجزاء سے مصنوعات تیار کرنے والے سب سے بڑے ادارے نے مختلف اقسام کے کولون یا خوشبویات متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ کولون بین الاقوامی سطح پر سوشلزم کے حامیوں کو اپنی جانب راغب کر سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/1DKuI
تصویر: picture-alliance/dpa

لابیوفیم (Labiofam) کیوبا کا وہ بڑا ادارہ ہے، جو اپنی مصنوعات کی تیاری میں خاص طور پر قدرتی اجزاء کا استعمال کرتا ہے۔ یہ ادارہ ہومیو پیتھک ادویات اور صفائی کی مصنوعات کے علاوہ دودھ سے تیار کی جانے والی پروڈکٹس تیار کرتا ہے۔ اِس ادارے کی ملکیت حکمران کاسترو خاندان کے بعض افراد کے ہاتھوں میں ہے۔ اب لابیوفیم نے فرانسیسی ماہرینِ عطریات و خوشبویات کے تعاون سے کولون متعارف کروانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ کولون کے مرکزی اجزاء کا بنیادی مرحلہ فرانس میں ضرور طے ہوا ہے لیکن اِن خوشبویات کو خالص قدرتی اجزاء کے ساتھ کیوبا میں تیار کیا جائے گا۔

لابیوفیم ادارے کی نائب صدر برائے ریسرچ و ترقی عزابیل گونزالیز کا کہنا ہے کہ اُن کے ادارے کے تیار کردہ کولون لوگوں کی توجہ یقینی طور پر حاصل کریں گے لیکن اِن کے نام بھی ادارے اور کئی لوگوں کے لیے اہم ہیں۔ لابیوفیم کے ایک کولون کا نام ’ارنیسٹو‘ رکھا گیا ہے۔ ارنیسٹو معروف گوریلا لیڈر چے گویرا کے نام کا پہلا حصہ ہے۔ یہ کولون اپنے اندر جنگل کے درختوں سے لپٹ کر گزرنے والی ہوا کی تازگی کا حامل ہے۔ اسی طرح ایک قدرے ہلکی خوشبو کا حامل کولون ’اُوگو‘ ہے۔ اُوگو کی خوشبو آم اور پپیتے کی قدرتی ذائقے کی حامل ہے۔ کولون کا یہ نام وینزویلا کے لیڈر اُوگو چاویز کے نام پر رکھا گیا ہے۔

Arabischer Jasmin
کیوبا کے کولون خالص قدرتی اجزا سے تیار کیے گئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

لابیو فیم کی جانب سے ابھی تک دو خوشبویات متعارف کروائی گئی ہیں۔ دونوں کو رواں ہفتے کے دوران کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں ہونے والے لابیوفیم کنوینشن میں عام کیا گیا ہے۔ فی الحال اِن کو ہوانا کنوینشن میں خوشنما بوتلوں میں پیش نہیں کیا گیا۔ عزابیل گونزالیز کا کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں میں متعارف کروانے کے لیے دیدہ زیب لیبل اور شیشے کی بوتلوں کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ لابیوفیم کی اہم خاتون اہلکار سے جب پوچھا گیا کہ اُن کے کولون عالمی منڈیوں میں کب تک روانہ کر دیے جائیں تو انہوں نے کوئی نظام الاوقات دینے سے انکار کر دیا۔

لابیوفیم کا کہنا ہے کہ اس کے کولون کے اجزا کے لیے فرانسیسی کمپنی رابیرٹے (Robertet) کا تعاون حاصل کیا گیا اور اِس کمپنی نے ڈیڑھ برس کی محنت سے کولون کی تیاری کو حتمی شکل دی ۔ لابیوفیم خواتین کے لیے بھی دو خوشبویات متعارف کروانے والا ہے۔ اِن کے نام آمالیا اور ایلبا رکھے گئے ہیں۔ ایلبا کا نام بائیں بازو کے لاطینی امریکی ملکوں کی تنظیم کا مخفف بھی ہے۔ یہ تنظیم بھی وینزویلا کے مرحوم صدر اُوگو چاویز کی کوششوں سے قائم ہوئی تھی۔ مبصرین کے مطابق معروف شخصیات اپنے ناموں کے کولون گاہے گاہے متعارف کرواتے رہتے ہیں لیکن سیاسی معانی کے کولون یقینی طور پر دلچسپی کے حامل ہیں۔